قسط نمبر 2
اے ستم گر جہاں
رات کے تین بجے پیاس کی شدت سے اسکی آنکھ کھلی اٹھ کر پاس پڑی بوتل سے گلاس میں پانی انڈیلنے لگی جب کھلی کھڑکی سے ہلکی ہلکی سسکیوں کی آواز آئی اسکی ریڑھ کی ہڈّی میں سنسناہٹ سی دوڑ گئی خوف کی ایک تیز لہر اسکے دل کو اپنے لپیٹ میں لینے لگی۔
اس نے کراچی کے بلڈنگز کے بھوتوں کے بارے میں افواہیں سن رکھی تھیں وہ کمبل میں گھسنے لگی تھی کہ پھر جی کڑا کر کے آیت الکرسی پڑھنے لگی اللّٰہ سے کوئی بڑا نہیں ہے اور ہارر فلموں کی ہیروئینوں کی طرح بھاگنے کے بجائے اُس ہی طرف جانے لگی دل زور زور سے دھڑک رہا تھا اور نزدیک جاتے ہوئے رونے کی آواز زیادہ واضع ہوتی جا رہی تھی وہ ڈرتے ڈرتے کھڑکی تک پہنچی باہر دیکھنے۔
آواز اب بالکل صاف آرہی تھی کھڑکی سے تھوڑا سر باہر نکال کے دیکھا کچھ بھی نہیں تھا نیچے اُوپر کچھ نہ تھا لیکن آواز مسلسل آرہی تھی یکا یک اسکی نظر ساتھ والی بالکنی پر پڑی کوئی نیچے بیٹھا دیوار سے ٹیک لگائے کہنیاں گھٹنوں پہ رکھے چہرہ ہاتھوں میں چھپائے رو رہا تھا پاس والا اپارٹمنٹ تو نصیب والوں کا ہے یہ کون ہے؟۔
”نصیب “ وہ زیر لب بڑبڑائی اسکا دل کسی نے مٹھی میں جکڑ لیا تھا کتنی ہی دیر وہاں کھڑی رہی نصیب اب خاموش بیٹھا تھا شاید دل کا غبار نکل گیا تھا۔
ماہوی نے کچھ کہنے کو لب کھولے لیکن الفاظ لبوں پر دم توڑ گئے کتنی دیر گزری پتہ نہیں چلا اور نصیب اٹھ کر کمرے میں چلا گیا ماہوی ششدر کھڑی رہ گئی کیا غم تھا نصیب کو کیوں خاموشی اسکی ذات کا خاصہ تھی کیوں مسکراہٹ اسکے لبوں کو چھونے سے کتراتی تھی کیوں اسکی ولولا انگیز خوبصورت آنکھیں اداس رہتی تھیں۔
اس مختصر سے عرصے میں جو انکے گھروں میں آنا جانا شروع ہوا اور دوستی ہو گئی تو یہ چیز اس نے شدت سے نوٹ کی تھی گھر کے اندر نصیب کو چپ لگی ہے وہ ہر وقت خاموش رہتا ہے بس ضروری بات کرتا ہے اور باہر وہ اتنا ہی مشتعل کیوں تھا اسکول میں بھی چھوٹی سی بات پر اسے لڑتے دیکھا ماہوی کو ہر کیوں کا جواب حاصل کرنا تھا یہ اس نے طے کر لیا تھا ۔
صبح تک اسے نیند نہیں آئی آج ہفتہ تھا چھٹی تھی اس لئے سکول میں نہیں مل سکتی تھی ، انکے گھر جانے کا ارادہ کیا کوئی بہانا گڑھ لیگی کہ کتابیں لینے آئی ہے یا کچھ اور یہی سوچتی انکے دروازے تک آئی چار پانچ دفعہ بیل بجائی لیکن جواب ندارد شاید سوئےہونگے چھٹی کا دن ہے اپنی عجلت پر افسوس کرتی پلٹنے لگی کہ کوریڈور کی صفائی کرنے والا بندہ نظر آیا ۔
”ارے بیٹا سرمد صاحب کی فیملی تو صبح ہی نکل گئے“ ماہوی کو انکے دروازے کے سامنے کھڑے دیکھ کر اس نے کہا ۔
”لیکن کہاں چلے گئے انکل “ ماہوی کو پریشانی نے آن گھیرا ۔
”باجی کے ابّا کے گھر جاتے ہیں چھٹی کے دن “ اس نے جواب دیا۔
ماہوی نے ٹھنڈی سانس بھری پتہ نہیں اب کب وہ آئیں ؟۔
ملیر کے اس خوبصورت فارم ہاؤس نما گھر میں تالاب کنارے بیٹھا وہ پانی میں چھوٹے چھوٹے کنکر پھینک رہا تھا کنکر کے پانی سے ٹکراتے ہی ایک گول دائرہ بنتا اور بڑا ہو کر غائب ہو جاتا انہی دائروں میں گزرے ماہ و سال کے منظر ابھرنے لگے ۔
امین جب پیدا ہوا وہ محض دو سال کا تھا لیکن وہ اپنے بھائی کی پیدائش پر بہت خوش تھا اسکی گود میں جب امین کو رکھا تو نصیب نے اسے بھینچ لیا اور چومنے لگا منظر دھندھلا گیا اس نے تالاب میں کنکر پھینکا تو ایک اور منظر ابھرا حمیرا پانچ سالہ نصیب کو پڑھا رہی تھی۔
”بیٹا دیکھو فور مائنس ٹوکتنا بنتا ہے “ حمیرا نے انگلیاں گن کر اسے دکھائیں۔
“ ٹو“ نصیب کے جواب دینے سے پہلے ہی تین سالہ امین جو وہاں بیٹھا اپنےکھلونوں سے کھیل رہا تھا بول پڑا پھر حمیرا کوئی بھی سوال نصیب سے پوچھتی امین اس سے پہلے ہی جواب دیتا۔
”ارے ہمارا پیارا امین ماشااللہ کتنا ذہین ہے دیکھو نصیب اسے ایسے فٹ سے جواب دینا سیکھو ”حمیرا نے نہال ہوتے ہوئے امین کو گود میں بٹھایا اور اسکا گال چوما ۔
”لیکن امی میں بھی جواب دینے لگا تھا ”ننھے نصیب نے احتجاج کیا لیکن حمیرا نے ان سنی کر دی اور امین کو کتاب دکھا کر اور سوال پوچھنے لگی اور یہاں سے شروع ہوا موازنے کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ۔
نصیب تالاب میں ایک اور کنکر پھینکتا ہے منظر بدلتا ہے ۱۰ سالہ نصیب اپنےاسٹڈی ٹیبل پر بیٹھا پڑھ رہا ہوتا ہے امین اسکے کمرے میں داخل ہوتا ہے ۔
”بھائی آج تم نے بہت اچھا فٹ بال کھیلا ”امین خوش ہوتے ہوئے بتانے لگا۔
“ اچھا تم نے دیکھا میں نے لاسٹ منٹ میں گول کیا “ نصیب نے مسکرا کر فخریہ انداز میں پوچھا۔
”ہاں بھائی میں نے تمہارے لیے بہت کلیپنگ کی مجھے بھی سکھاؤ ناں پلیز بھائی چلو ناں میرے ساتھ کھیلو پلیز پلیز “ امین نصیب کو کھینچتا ہوا باہر لے آیاحمیرا انہیں کبھی اجازت نہ دیتی اس لیے اس سے چھپ کر دونوں بھائی گراؤنڈ فلور پر جا کر کھیلنے لگے۔
نصیب اسے بال کِک کرنا سکھانے لگا دونوں کھیل میں مگن تھے کہ امین پیچھے کی جانب قّدم اٹھا رہا تھا وہاں پڑا پتھر اس نے نہیں دیکھا اور اس میں رپٹ کر گرا اسکا سر گراؤنڈ کے آخری کنارے پر بنے زینے پر لگا اور اسکے سر کے پچلے حصّے سے بھل بھل خون بہنے لگا اور نصیب کی چیخ بلند ہوئی ”امین“۔
منظر بدلتا ہے وہ سب ہسپتال میں امین کے بیڈ کے آس پاس کھڑے ہیں نانا جی بھی آئے ہوئے ہیں تین گھنٹے بعد امین کو ہوش آیا حمیرا کا رورو کر برا حال تھا سرمد کھڑے اسے دلاسہ دے رہے تھے ۔
جب کہ نانا جی نے نصیب کو اپنے پاس بٹھایا ہوا تھا ۔
”یہ سب تمہاری وجہ سے ہوا ہے نصیب نہ تم اسے کھیلنے لے جاتے نہ اسکا یہ حال ہوتا ہر وقت کھیل کود حد ہوتی ہے ہر چیز کی“ حمیرا نے گلو گیر لہجے میں نصیب کو کہا۔
نصیب جو خود بھی بہت پریشان تھا ششدر سا ماں کی صورت دیکھنے لگا وہ سہم گیا تھا اسکے لیے یہ ایک بڑا صدمہ تھا۔
“ نہیں امی میں نے کچھ نہیں کیا“ وہ سسکتے ہوئے بولا نانا جی کی بازو سے چپکا ہوا تھا ناناجی اس کے سر پر ہاتھ پھیر رہے تھے۔
اور یہ پہلی بار نہیں تھا لیکن اس بار الزام شدید تھا نصیب عمر کے اس حصّے میں تھا جہاں ماں باپ کا بچوں پر الزام تراشی بلاوجہ ڈانٹ ڈپٹ یا دوسرے بچوں سے موازنہ انکی شخصیت مسخ دیتی ہے ۔
منظر معدوم ہوا تو نصیب نےٹھنڈی سانس بھری دل بوجھل تھا حمیرا اور سرمد انجانے میں اپنے ہی بچے پر زیادتی کر بیٹھے یہ نہیں تھا کہ اسے پیار نہیں دیا یا امین کو جو سہولیات دی نصیب کو نہیں دیں بس نصیب کے ناتواں کندھوں پر ایک بوجھ ڈال دیا خود کو ثابت کرنے کا بوجھ وہ اپنی ہی نظروں میں انچاہا بن گیا ۔
ماں باپ بچوں کے سربراہ انکے سرپرست ہوتے ہیں انکی ہر بات کو بچے سچ اور حقیقت کا درجہ دیتے ہیں کہ ہمارے سرپرست ہمارے گارڈینز تو غلط ہو ہی نہیں سکتے اگر وہ کہہ رہے ہیں کہ میں کمتر ہوں تو وہ صحیح کہہ رہے ہیں میں کمتر ہوں اور یہاں آکر کچھ والدین غلطی کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو انجانے میں ایک اِحساس کمتری میں مبتلا کردیتے ہیں اور انہیں اکیلا کردیتے ہیں انکی شخصیت گرو نہیں کر پاتی یا تو وہ بہت بدتمیز اور خود سر ہو جاتے ہیں یا پھر خاموشی سے دنیا سے کٹ کر رہ جاتے ہیں ۔
نصیب کے کیس میں اسکی شخصیت دہری ہوگئی گھر کے اندر اسکی آواز تک نہیں نکلتی بہت مشکل سے ہی کوئی ضروری بات کرتاکبھی اسے لگتا تھا وہ کسی قابل نہیں اسی لیے صبح شام کتابوں میں سر کھپائے رہتا اور کبھی اسکے سر بغاوت سوار ہوجاتی اور اگر کوئی اس سے ہلکا سا بھی پنگا لیتا اسکی درگت بنا دیتا ۔
ماں باپ چاہتے تھے وہ امین جیسا بنے لیکن امین ایکسٹرا آرڈنری ذہانت کا حامل تھا اسکا آئی کیو لیول ۱۴۰ سے اوپر تھا وہ ایک جینیس تھا ایسا نہیں تھا کہ نصیب کند ذہن تھا نصیب بھی اچھا خاصا ذہین تھا ہر میدان میں سب سے آگے تھا لیکن امین کے اکیڈمک ریکارڈز کی برابری اسکے لئے ناممکن بات تھی امین نے نصیب کو آؤٹ شائن کر دیا اور یہ بات اسکے ماں باپ سمجھنے سے قاصر تھے کہ اسکا بھلا چاہتے ہوئے بھی وہ اسکے ساتھ نا انصافی کر بیٹھے ہیں اور یہی غم نصیب کے کم عمر دل و دماغ کو کھائے جا رہی تھی۔
————————————
نومبر کے مہینے میں کراچی کا موسم بہت خوشگوارہو جاتا تھا اور فارم ہاؤس میں ہر طرف درخت اور پھول پودے ہونے کی وجہ سے ہوا میں تھوڑی خُنکی تھی نانا جی کسی گہری سوچ میں گھرے ہوئے تھے۔
”ابّا ! کیا سوچ رہے ہیں ؟“حمیرا نے چائے کا کپ ان کے سامنے چھوٹی میز پر رکھا خیالوں کا تسلسل ٹوٹا تو انہوں نے ایک اداس مسکراہٹ سے حمیرا کی طرف دیکھا۔
“ میں نصیب کے بارے میں سوچ رہا تھا “ ابّا نے کپ اُٹھاتے ہوئے کہا ۔
“ ابّا! نصیب کے معاملے میں ،میں خود بھی بڑی پریشان رہتی ہوں پتہ نہیں کیوں اتنا لاپرواہ ہے “ حمیرا نے تاَسّف سے کہا ۔
“ بیٹا وہ لاپرواہ نہیں ہے اسے چپ لگی ہےتم لوگوں کے رویے نے اسے سب سے دور کر دیا ہے اس کے منہ سے بات نہیں نکلتی اسکی آنکھوں میں ہر وقت ایک اداسی سی رہتی ہے تم جو ہر وقت امین کی تعریفوں کے پل باندھتی رہتی ہو اور اسے غیرت دلاتی رہتی ہو کیا میں نہیں دیکھتا کہ وہ کتنی حسرت سے دیکھتا ہے وہ بھی تمہارا بچہ ہے ایک دو تعریفی کلمات اگر تم اسکے لیےبھی کہہ دیا کروتو کون سی آفت آجائے گی تم لوگ قسمت والے ہو جو نصیب جیسا پیارا بچہ تم لوگوں کو ملا قدر کرو اسکی بیٹا “ اشفاق صاحب نے حمیرا کو رساں سے سمجھایا اپنی بیٹی کا رویہ انکی نظروں سے چھپا نہیں تھا۔
“ ابّا کیا میں یہ سب نہیں سمجھتی ؟ وہ ہماری بات سنتا ہی کب ہے ہم چاہتے ہیں وہ بھی امین کی طرح“ حمیرا سمجھنے کے بجائے الٹا جھنجھلانے لگی۔
“ حمیرا تم کیوں نہیں سمجھتی امین اور نصیب دو الگ بچے ہیں تم ان دونوں کا موازنہ کیوں کرتی رہتی ہو “ ابّا زچ ہو گئے اور کپ پرچ میں پٹخ دیا۔
”اوہو ابّا کیا ہو گیا ہے میں ماں ہوں اسکی میں کتنی محبت کرتی ہوں اس سے کیا آپ نہیں جانتے “ حمیرا نے اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر کہا اسکی ممتا پر انگلی اٹھ رہی تھی اور یہ اُسے برداشت نہیں تھا اور اٹھ کر تیزی سے اندر کی طرف چلی گئی اشفاق صاحب سر جھٹک کر رہ گئے ان سے تو بات کرنا ہی فضول تھا۔
بریک ٹائم میں ماہوی اور نادیہ سائنس لیبز سیکشن کی طرف جا رہیں تھیں کہ سامنے سے نصیب اور حماد آتے دکھائی دیے حماد حسبِ توقع بولے جا رہا تھا اور نصیب پینٹ کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے سر ہلا کر جواب دے رہا تھا بیگ کاندھے پر ڈالے دونوں نے سفید شرٹ اور گرے پینٹ پہنی تھی حسب عادت کوئی ان کے سامنے سے گزرتا تو سلام کرکے ضرور جاتا ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا کہ اسے کوئی نطر انداز کرکے گزرے۔
نصیب نے دور سے ماہوی کو نادیہ کے ساتھ باتیں کرتے دیکھا تو اسے دو دن پہلے مار دھاڑ کرتے ہوئے ماہوی کا ششدر چہرہ یاد آیا یقیناً اب وہ اسے ایک غنڈہ ہی سمجھے گی اسکے گلے میں گلٹی سی ابھر کر معدوم ہوئی۔
“ ہیلو نصیب “ ساتھ سے گزرتے ہوئے دونوں نے کہا نصیب کو زراحیرانگی تو ہوئی لیکن وہ اپنے تاثرات چھپا گیا ماہوی بھی جان کر انجان بنی رہی کتنے دنوں سے بات کرنا چاہ رہی تھی لیکن اب جو وہ اسکے سامنے تھا تو کیا پوچھے کیسے پوچھے؟ چاہے ہم کسی کا کتنا ہی بڑا راز جان لیں لیکن ان سے اس راز کے بارے میں سوال کرنا ہماری اپنی خصلت دکھا دیتی ہے۔
“ اور میں کیا یہاں انویزیبل مین ہوں “ حماد اچھا خاصا برا مان کر بولا۔
“ تم اصل میں کریلا مین ہو تمہاری کڑواہٹ کی وجہ سے کوئی تم سے بات نہیں کرتا ”نادیہ سینے پر بازو باندھے آنکھیں گھما کر بولی۔
“ اور تم پتہ ہے کیا ہو ؟“ حماد نے غصے کہا۔
”کیاہوں ؟ “ اسنے ہاتھ سینے پر باندھ تیز لہجے میں پوچھا۔
”ڈورا دی ایکسپلورر“ اس نے اسکے بالوں اور گول چہرے کی طرف اشارہ کر کے کہا نصیب اور ماہوی نے اپنی ہنسی ضبط کی جبکہ حماد ایک زور دار قہقہہ لگا کر دوہرا ہونے لگا۔
“ خود اپنی شکل دیکھی ہے کبھی “ نادیہ کا دل کیا اسکا بھرتا بنا دے۔
”اب بس کر دو تم دونوں یہ بتاؤ تم لوگ ٹرپ پر جا رہے ہو یا نہیں “ ماہوی نے جنگ بندی کرتے ہوئے کہا۔
“ اگر نصیب جائے گا تو جاؤنگا نہیں تو اسکے بغیر نہیں جاونگا“ حماد نے کندھے اچکا کر کہا۔
”نصیب تم چلو گے ناں؟“ ماہوی نے نصیب سے پوچھا ۔
”نہیں میرا اسٹڈی شیڈول بہت ٹف ہے میں نہیں جا سکتا “ نصیب نے دھیمی آواز میں جواب دیا آنکھوں میں ایک جوت بجھی جسے ماہوی نے محسوس کیا۔
”اوہ کم آن یار ایک دن سے کیا فرق پڑتا ہے “ حماد جُھنجُلا کر بولاوہ تو کتنے دنوں سے اسکی منتیں کر رہا تھا۔
”ہاں اوربرلینٹ سٹوڈنٹس کو فرق نہیں پڑتا “ نادیہ نے لقمہ دیا ۔
”ایک دن میں بہت کچھ کور ہو سکتا ہے “ نصیب نے جیبوں میں ہاتھ ڈالے لاپرواہی سے کہا جیسے ابھی جو بات بات ہو رہی اس میں اسے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔
”زندگی انجوائے کرنے کا حق پڑھاکو سٹوڈنٹس کو بھی ہے“ ماہوی نے ہاتھ جھلا کر کہا اسے بہت زیادہ پڑھاکو سٹوڈنٹس سے الجھن ہوتی تھی۔
“ ہاں لیکن ان کو نہیں جو اپنے ہدف سے میلوں دور ہیں “ بات تو بہت عام سی تھی لیکن اس میں چھپا مطلب کوئی اور نہیں صرف ماہوی سمجھ سکی اور بہت غیر ارادی طور پر نصیب کی نظریں ماہوی کی طرف اٹھیں اور ماہوی کی آنکھیں بول رہیں تھیں کہ اسکی بات کی گہرائی وہ بہت اچھے سے سمجھ چکی ہے۔
”ہم کبھی بھی دوسروں کے طے کیے ہوئے ہدف سر نہیں کر سکتے “ وہ بس اتنا ہی بولی نصیب بس گہری سانس بھر کر رہ گیا۔
”اب آجاؤ ناں یار “ حماد پھر سے منت بھرے لہجے میں بولا اسکا دل بھی کر رہا تھا اور نصیب کے بغیر جا بھی نہیں سکتا تھا ۔
”اوکے “ لاپرواہی سے کہہ کر وہ ٓاگے بڑھ گیا پیچھے سے ان لوگوں کی خوشی بھری یس کے نعرے سنے تو مسکرا کر آگے بڑھ گیا شاید اس دنیا میں کچھ لوگ تھے جو اسے سراہتے تھے ۔
———————————
ٹرپ ایڈوینچر لینڈ کا تھا جو ایک تھیم پارک ہے اور کراچی سے باہر بحریہ ٹاؤن میں واقع ہے ایڈونچر لینڈ انہیں ۴ بجے پہنچنا تھا اس لیے دو بجے تک وہ سب سکول میں جمع ہوئے سب اپنے ساتھ بیگ پیک لائے تھے سن بلاک سن گلاسز پی کیپ وغیرہ کل تین بسیں سکول سے جا رہی تھیں پی ٹی ٹیچر سر ارشاد انہیں الگ بسوں میں بٹھا رہے تھے منتوں ترلوں سے پھر ایک بس میں بٹھایا سکول کی تین بسیں اساتذہ اور طلبہ سے بھر گئیں تین بجے بسیں روانہ ہوئیں سارا راستہ شغل میلا لگا رہا سب نے گانے گئے ۔
ایک دوسرے پر شعر کہے ۴ بجے کے قریب وہ ایڈوینچر لینڈ پہنچے ٹکٹ سکول انتظامیہ آنلائن خرید چکی تھی بس اب طلبہ کو گن گن کر اندر بھیجنا تھا ۔
”بچوں سات بجے تک سب نے یہاں جمع ہونا ہے سب نے اپنی چیزوں کا خیال رکھنا ہے خاص طور پر موبائل فونز کا اور سات بجے کا مطلب ہے سات بجے اور کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں کرنا “ سر ارشاد تمام بچوں کو پہلے دی گئی ہدایات دوبارہ دہرا رہے تھے سب انٹر ہو کر پارک کے اندر داخل ہونے لگے نصیب اپنے دوستوں سمیت رائیڈز کی طرف بڑھا اور باقی سب بھی بھی اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی دلچسپی کے تحت آگے بڑھے۔
”سب سے پہلے کس رائڈ پر بیٹھیں “ نادیہ نے پارک کے بیچوں بیچ لگے ایک تھری ڈی میپ کو دیکھتے ہوئے پوچھا۔
”میں تو رولر کوسٹر میں بیٹھوں گی “ ماہوی نے رولر کوسٹر کے اونچے جنگلوں کی طرف اشارہ کر کے کہا اور دونوں اسی طرف بڑھے ۔
وقار اور اسکا گروپ وہاں سے گزر رہے تھے ان میں آریان بھی شامل تھا ایک ٹیم میں ہونے کی وجہ سے دونوں میں اچھی خاصی دوستی ہو گئی تھی۔
”یار یہ تیری کزن ہے ناں “ وقار نے سوچتے ہوئے آنکھ سے ماہوی کی طرف اشارہ کیا۔
“ ہاں یہ ماہوی ہے میری کزن “ آریان نے رولر کوسٹر سے اترتی ماہوی اور نادیہ کو دیکھ کر جواب دیا۔
”تمہیں تو بالکل بھی لفٹ نہیں کرواتی ہر وقت نصیب کے ساتھ چپکی رہتی ہے “ وقار نے بڑے سرد لہجے میں کہا۔
“ نہیں ایسی بات نہیں کلاس میں تو بات ہوتی رہتی ہے “ آریان نے صفائی دیتے ہوئے کہا ۔
”اچھا ایسی بات ہے تو جاؤ اسکو بلا کر لاؤ اور ساتھ چلتے ہیں رولر کوسٹر میں بیٹھتے ہیں “ وقار نے ٹھوڑی کھجاتے ہوئے کہا ۔
”لیکن وہ“ آریان زرا ہچکچایا۔
”کیوں ؟ نہیں مانے گی ناں تم رہنے ہی دو آریان“ وقار جیبوں میں ہاتھ ڈالے آگے بڑھ گیا۔
”میں ابھی بلاتا ہوں اسے “ وہ تیز لہجے میں کہتا تیز قدم اٹھاتے ہوئےاس رائیڈ تک گیا جہاں ماہوی اور نادیہ قطار میں اپنی باری کا انتظار کر رہی تھیں۔
”ہائے ماہو ی ”وہ دونوں باتوں میں مصروف تھیں آریان کے پکارنے پر اسکی جانب متوجہ ہوئیں۔
”ہائے آریان “ ماہوی نے جواب دیا جبکہ نادیہ نے آنکھیں گھما کر دوسری طرف دیکھا آریان اور نادیہ کی بالکل نہیں بنتی تھی کلاس میں بھی جھگڑتے رہتے تھے۔
”ماہوی ر ولر کوسٹر چلو گی “ آریان نے زرا جھجکتے ہوئے پوچھا۔
”سوری آریان دو دفعہ بیٹھ چکی ہوں اب تو چکر آرہے ہیں “ اس نے باقاعدہ سر پکڑ کر کہا۔
”تو چلو کسی اور رائڈ پر بیٹھتے ہیں “ آریان نے منت بھرے لہجے میں کہاتو اس نے بادل نخواستہ الادین میں بیٹھنے کی حامی بھر لی اور اس طرف بڑھے نصیب اور حماد وہاں پہلے ہی قطار میں کھڑے تھے ، نصیب نے کن اکھیوں سے دیکھا کہ وقار اور اسکا گروپ دور کھڑے انکی کی طرف دیکھتے اور ہاتھ پر ہاتھ مار کر ہنستےجا رہے تھے۔
نصیب بھی اس لائن میں کھڑا تھا او ر وقاربھی اسطرف آکر کھڑا ہواچار لوگ بیک وقت رائیڈ پر بیٹھ سکتے تھے اس لیے وقار آریان کے ساتھ آکر کھڑا ہوا۔
”تم نادیہ کے ساتھ بیٹھو ماہوی کے ساتھ میں بیٹھوں گا“ وہ بہت ہی اٹل اور حاکمانہ لہجے میں بولا کہ آریان ٓاگے سے کچھ بول ہی نہ پایا۔
اگلی باری نصیب اور حماد کی تھی انکے آگے ان ہی کی کلاس کی دو لڑکیاں کھڑی تھیں نصیب نے سر اٹھا کر وقار کو دیکھا جو اسکی طرف ہی دیکھ رہا تھااسنے راستہ چھوڑ کر ماہوی اور نادیہ کو اپنی جگہ ٓاگے ان لڑکیوں کے ساتھ بھیجااور خود دوبارہ لائن میں کھڑے ہو کر ابرو سے وقار کو اشارہ کیا وقار غصہ سے پیچ و تاب کھا کررہ گیا اور ایک زور دار مکا جنگلے پر دے مارا ماہوی سے قریب ہونے کا اتنا اچھا موقع نصیب کی وجہ سے ہاتھ سے چلا گیا۔
سب نے خوب انجوائے کیا بہت تصویریں کھنچیں کہ یہ انکی زندگی کا ایک یادگار دن تھا شام سات بجے انہیں واپس نکلنا تھا سردیوں کے دن تھے اس لیے سات بجے ہی کافی اندھیرا ہو گیا تھا سب بسوں کے لیے نکلے ہی تھے کہ ماہوی نے بیگ چیک کیا تو اپنا فون وہیں ریسٹورنٹ میں چھوڑ گئی تھی ۔
”یار میں اپنا فون بھول گئی ہوں کیا کروں امی میرا گلا دبا دیں گی بالکل نیا تھا “ ماہوی پریشانی سے اپنا سر پکڑ کر کہتی ریسٹورنٹ کی طرف بھاگی نادیہ آگے تھی سب بسو ں میں چڑھ رہے تھی اس لیے اس نے ماہوی کی آواز نہیں سنی نصیب اور حماد بھی پارک سے نکل کر بسوں کی طرف جا رہے تھے جب نصیب نے ماہوی کو اکیلے واپس پارک کی طرف جاتے دیکھا۔
“ حماد بسوں کو روکے رکھنا “ نصیب بھی بغیر کچھ سوچے عجلت میں کہتا اسکے پیچھے دوڑا وہ اسے اکیلے جانے نہیں دے سکتا تھا اسے وقار کی اس پر گڑھی نظریں یاد آئیں دوستوں کے کانوں میں کرتی سرگوشیاں اور قہقہے یاد آئے ایسے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں اور اچھی خاصی تعداد میں ہوتے ہیں۔
”ماہوی رکو ”خوب آگے جا کر نصیب نے اسے جا لیا اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو نصیب دوڑتا آیا ۔
”تم اکیلی واپس کیوں آگئی؟“ ۔
”میرا فون رہ گیا تھا وہی لینے آئی ہوں“ اسکی سانس پھول رہی تھی۔
”تمہیں کسی ٹیچر سے کہنا چاہیئے تھا اکیلے نہیں آنا چاہیئے تھا خیر اب آ ہی گئی ہو تو چلو“ اس نے بڑے فکر مند لہجے میں کہا ماہوی بس لب کچل کر رہ گئی۔
وہ دونوں جب ریسٹورنٹ گئے تو انہوں نے ماہوی کا فون سنبھال رکھا تھا اور لوٹا دیا فون لے کر وہ لوگ خارجی راستے کی طرف نکل آئے جہاں بسیں کھڑی تھیں۔
”شکر ہے مِل گیا ورنہ امّی میری درگت بنا لیتی “ ماہوی نے مسکراتے ہوئے فون اپنے سینے سے لگایا تھا کے کہیں دوبارہ سے کہیں گم نا جائے ۔
”تو اب سنبھال کر رکھنا “ نصیب نے مسکرا کر کہا اور ایک پانی کی بوتل اپنے بیگ سے نکال کر اسکی طرف بڑھائی۔
”پی لو بھاگنے کی وجہ سے تمہیں پیاس لگی ہوگی “ ۔
”تھینک یو “ ماہوی سر جھکائے چل رہی تھی اس کا لہجہ دھیما تھا۔
ایک پانی کی بوتل ہی تو ہے“ نصیب کا دہان اسکے لہجے پر نہیں تھا ۔
”وہ جو رائیڈپر تم نے ہمیں پہلے بھیجا“ اور یہ کہہ کر ماہوی بھی رکی اور نصیب بھی رک گیانصیب نے اچنبھے سے اسکی طرف دیکھاتو وہ سب سمجھ چکی تھی وہ نادیہ کی طرح نڈر اور ہر بات کا ٹکا سا جواب دینے والی نہیں تھی کئی بار ایسا ہوتا تھا کسی کی بھی بات مان لیتی کہ وہ نہ کہنا نہیں جانتی تھی کسی کو انکار کرنا اسکے لیے ناممکن ہو جاتا دل سے لاکھ نہ چاہتی ہو لیکن زبان سے نہ نہیں کہہ سکتی تھی اور اسکا اس نے کئی بار نقصان بھی اٹھایا ہے۔
”اسکے لیے تھینک یو“ ماہوی واقعی میں مشکور تھی ۔
”دیر ہو رہی ہے“ نصیب نے اپنی گھڑی اسے دکھائی پھر دونوں بھاگتےباہر آئے تو سوائے سر ارشاد کے جو انکے انتظار میں کھڑے تھے۔
”جلدی آؤ بچوں دیر ہو رہی ہے ”سر ارشاد نے دور سے ہی دیکھ کر انکو آواز دی تو وہ جو تیز قدم اٹھا رہے تھے بھاگنے لگے ۔
آریان دوسری بس میں بیٹھا ان ہی کو دیکھ رہا تھا۔
“ اتنی خوبصورت لڑکی میری کزن ہوتی تو میں کسی اور کو اسکے پاس بھٹکنے تک نہ دیتا “ وقار نے اسکے کان کے پاس جھک کر کہا ۔
“ یار وہ میری فیملی ہے تم اسکے بارے میں ایسے بات مت کرو “ آریان نے اُسے ٹوکا لیکن وقار کی بات اسے چبھی ضرور تھی ۔
”جانتا ہوں تبھی تو کہہ رہا ہوں کہ وہ تمہاری کزن ہے اسے تمہارے ساتھ ہونا چاہئے کیا اسکے ماں باپ نے اسے اتنا کھلا چھوڑا ہے کہ وہ نصیب کے ساتھ اکیلی اتنی دیر تک پارک میں اکیلی گھوم رہی ہے اور تم کچھ کرو گے نہیں “ وقار نے آریان کے کانوں میں زہر انڈیلتے ہوئے کہا۔
بُرے دوست معصوم دلوں کو سیاہ کرنے کے لیے ہوتے ہیں ان میں بلاوجہ نفرتوں کے بیچ بو دیتے ہیں آریان کا معصوم دل بھی اب بلاوجہ کے حسد میں مبتلا ہو گیا وہ شیشے سے باہر دیکھنے لگا اور بسیں اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہو گئیں ۔
——————————-
“ مجھے بتاؤ کیا یہ سچ ہے؟“ سحر اسکے سامنے پلنگ پر بیٹھی آنکھوں میں دکھ اور غصہ لیے پوچھ رہی تھی۔
“ لیکن امی میرا فون رہ گیا تھا میں وہ لینے دوبارہ “ ابھی بات اسکے منہ میں ہی تھی کہ سحر نے اسکی بات کاٹی۔
“ تم نے میرا بھروسہ توڑا ہے ماہوی تمہاری اس حرکت سے میں بہت ہرٹ ہوئی ہوں اور تمہیں پتہ ہے وہ اسکول کا غنڈہ ہے مار دھاڑ کرتا ہے اسکول سے سسپینڈ بھی ہوا اور اسکی ماں بھی اسکے ہاتھوں پریشان تھی“ سحر نے افسوس سے سر جھٹکتے ہوئے کہا ۔
”امی پلیز میرا یقین کریں میں سب کے ساتھ تھی میں اسکے ساتھ اکیلی نہیں تھی وہ تو پھر اپنا فون بھول گئی میں اکیلی جا رہی تھی ریسٹورنٹ تک وہ ساتھ آگیا امی پلیز یقین کریں میرا “ ماہوی آنکھوں میں آنسو لیے بولی ۔
“ لیکن آریان تو کہہ رہا تھا کہ تم اسکے ساتھ اکیلی گھوم رہی تھیں اور واپسی پر بھی بہت دیر سے تم دونوں بسوں میں چڑھے ہو “ سحر کا غصہ کسی طور کم نہیں ہو رہا تھا ۔
”آریان جھوٹ بول رہا ہے وہ تو خود میرے پاس آیا اور کہا کہ میں اسکے ساتھ چل کر رولر کوسٹر میں جا کر بیٹھوں یہ تو نصیب نے مجھے اکیلے جانے نہیں دیا آپ بیشک نادیہ اور حماد سے پوچھیں “ یہ کہہ کر وہ رونے لگی اسے آریان پر حد سے زیادہ غصہ چڑھ رہا تھا سامنے ہوتا تو سر توڑ دیتی اس گدھے کا۔
”آریان کو تو میں دیکھ لوں گی اور تم آئندہ لڑکوں سے دور رہو گی سمجھی تم ورنہ اچھا نہیں ہوگا “ شہادت کی انگلی اٹھا کر درشتی سے کہتی وہ کمرے سے باہر نکلیں۔
ماہوی پیچھے خاموشی سے آنسو بہانے لگی اسکا کم عمر چہرہ ایک دم ہی کملا گیا تھا۔
اگلے کچھ دن وہ اسکول جاتی رہی لیکن اسکا دل ہر چیز سے اُچاٹ ہو گیا تھا آریان کے تو منہ ہی نہیں لگتی اس پر بہت ہی زیادہ غصہ تھا ،نادیہ کے بہت زیادہ پوچھنے پر ساری بات کہہ سنائیوہ دونوں لائبریری میں بیٹھی اپنے ہسٹری کے نوٹس بنا رہی تھیں۔
”یعنی اس ایڈیٹ نے تم پر جھوٹ بولا “ نادیہ منہ پر ہاتھ رکھے ششدر سی اتنے زور سے بولی کہ لائبریرین نے شش کر کے اسے ٹوکا۔
“ ہاں “ ماہوی روہانسی ہو کر لب کاٹنے لگی ۔
”تم نے اسے کچھ نہیں کہا “ اب نادیہ نے سرگوشی کرکےحیرت سے اُسے پوچھا ۔
”میں اس گدھے کے منہ نہیں لگنا چاہتی “ ماہوی کی آنکھوں میں غصہ عود کر آیا اور تیز تیز اپنی نوٹ بک پر لکھنے لگی۔
”اور کب تک اس ایڈیٹ کی وجہ سے کلاس سے نہیں نکلو گی “ نادیہ کی آواز اب پھر تیز ہوئی ۔
”کیپ کوائٹ “ لائبریرین نے تنبیہہ کی تو نادیہ سوری کرکے پھر سرگوشی کرنے لگی۔
”دل نہیں چاہ رہا باہر جانے کو “ ماہوی نے نوٹ بک بند کر دی اورنادیہ نے غصے سے سر جھٹکا اور اسکا بازو پکڑ کر باہر لے آئی ۔
جب وہ دونوں باہر گراؤنڈ کی طرف آئیں نادیہ نے گراؤنڈ میں نظریں دوڑائیں تو آریان اپنے دوست کے ساتھ وہیں بینچ پر بیٹھا دکھائی دیاکینٹین سے اپنے لیے کھانے پینے کی چیزیں لے کر بینچ پر رکھے تھے اور ایک سافٹ ڈرینک کی بوتل منہ سے لگائے خوش گپیوں میں مصروف تھا کہ نادیہ غصے سے بھری ہوئی اُنکی سر آدھمکی ۔
“ شکل سے تو تم اتنے بڑے جاہل نہیں لگتے جو جہالت والی حرکت تم نے کی ہے “ نادیہ نے کمر پر ہاتھ رکھ کر تند و تیز لہجے میں کہا ۔
“ مائنڈ یور لینگوئج کیا بکواس کر رہی ہو “ آریان بھی تنک کر کھڑا ہوا ۔
“ کیا بکواس کی ہے تم نے ماہوی کی امی سے “ نادیہ جھلّا کر بولی آریان گڑبڑا گیا منہ پر تالا لگ گیا۔
”کیوں چپ کیوں ہو ابھی سے ہی یہ حرکتیں ہیں پتہ نہیں آگے جا کر کیا کرے گا “ نادیہ ہنوز اسکی آنکھوں میں دیکھ کر بولی ۔
“ مجھ پر الزام مت لگاؤ میں نے خود ان دونوں کو واپسی پر اکیلے بسوں کی طرف آتے دیکھا اب بتاؤ میں جھوٹ بول رہا ہوں “ آریان بھی دو بہ دو بولا۔
“ نادیہ اس سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں یہ وہی سمجھے گا جو یہ خود ہے چلو یہاں سے “ ماہوی نے نادیہ کا بازو پکڑ کر اُسے اپنے ساتھ کھینچا ۔
“ ٹیپیکل بہتان لگانے والا پھا پھا کُٹنا کہیں کا “ جاتے ہوئے نادیہ بولی اور آریان غصے سے انہیں جاتے ہوئے دیکھتا رہا۔
وہ بہت عجلت میں سائنس لیب کی طرف بڑھ رہی تھی اسے سر عاصم کو آج ہی اپنے نوٹس چیک کروانے تھے وہ تیز تیز سیڑھیاں چڑھ رہی تھی جب سیڑھیوں کے نیچے بنے ایک چھوٹے سے سٹور روم سے ہلکے رونے کی آواز ٓائی وہ یک دم ٹھٹک کر رک گئی ۔
“ آئندہ نہیں کروں گا آج چھوڑدو بھائی“ اور ساتھ ہلکی رونے کی آواز اسکے قدم رکے اسکے دل میں تجسس پیدا ہوا اور آہستہ قدم اٹھاتی وہ اس طرف بڑھی ۔
ایک لڑکا نصیب کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑا تھا جبکہ نصیب اسکے سامنے کھڑا اسکے بال پورے قوت سے بھینچے ہوئے تھا اسے دیکھ کر بس ایک سسکی ماہوی کے لبوں سے خارج ہوئی نصیب پیچھے مڑنے لگا تو وہ الٹے قدموں تیزی سے واپس نیچے کی طرف بھاگی نصیب سٹور روم سے باہر نکلا تو اسنے ماہوی کو سیڑھیوں سے نیچے بھاگتے دیکھا۔
”اسے یہاں نہیں ہونا چاہیئے تھا“ وہ منہ ہی منہ بڑبڑایا اور واپس سٹور روم کی طرف اپنا ادھورا کام پورا کرنے گیا۔
وہ شام کے وقت اپنے جاگرز پہن کر گراؤنڈ میں واک کرنے جا رہی تھی جب سوئمنگ پول کے پاس بیٹھا امین ملا وہ اس سے کتنے دنوں سے بات کرنا چاہتی تھی لیکن موقع ہی نہ ملا۔
”سوئمنگ پول کے پاس بیٹھ کر کتابیں پڑھتے ہو “ اسکے عقب میں کھڑے ہو کر اس نے پوچھا امین اپنی کتاب میں مگن بیٹھا تھا چونک کر پیچھے دیکھا۔
”اوہ ماہوی “ وہ مسکرا کر بولا اسکی مسکراہٹ بہت معصوم سی تھی ۔
“ تمہیں میں نے کبھی فٹبال کھیلتے نہیں دیکھا “ ماہوی نے ساتھ والی بینچ پر بیٹھتے ہوئے پوچھا۔
“ ارے نہیں میں گیمز میں بالکل اچھا نہیں ہوں وہ تو نصیب ماسٹر پلیئر ہے “ امین کے لہجے میں بھائی کے لیے محبت اور فخر تھا ۔
”تو کیا نصیب نے تمہیں کچھ نہیں سکھایا ؟“ ماہوی نے حیران ہوتے ہوئے پوچھا اس بات پر امین کے ہونٹوں پر ایک اداس سی مسکراہٹ ابھری اور اس نے گہری سانس بھری۔
“ وہ تو مجھے ہر چیز سکھاتا تھا دانت برش کرنے سے لے کر جوتے پہننے تک ایک دن وہ مجھے فٹ بال کھیلنا سکھا رہا تھا میں اپنی غلطی کی وجہ سے گِرا لیکن امی بابا نے اسے الزام دیا اسے بہت ڈانٹا پھر اُس نے مجھے کبھی کچھ نہیں سکھایا“ امین اداسی کہ کر خاموش ہوا ۔
“ امین میں کافی دنوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ نصیب کو میں نے دیکھا ہے سکول میں وہ کچھ اور ہے گھر میں کچھ اور میرا مطلب کیا وہ ڈیوئل پرسنیلٹی ڈس ٓارڈر کا شکار ہے ؟“ ماہوی نے جان کر ٹیرس پر اسکے رونے کی بات نہیں بتائی کہیں اسکا بھرم نہ ٹوٹے۔
“ پہلے میں سمجھتا تھا کہ وہ ایک انٹروورٹ ہے اس لیے میں نے کبھی اس چیز پر توجہ نہیں دی لیکن اب جب میں نے اسے فٹ بال میچ والے دن سب کے ساتھ ہنستے بولتے دیکھا تو میں حیران ہوا پھر آہستہ آہستہ سمجھنے لگا کہ وہ بس ہم سے دور ہے یا شاید ہم سے خفا ہے “ امین نے سوئمنگ پول کی طرف دیکھتے ہوئے کہا ۔
”کیا تمہارے امی بابا تم دونوں کے بیچ میں فرق کرتے ہیں ؟“ ماہوی کو شاید بات کچھ کچھ سمجھ آرہی تھی۔
“ فرق تو بہت چھوٹا لفظ ہے ماہوی وہ اسکی ہر کوشش ہر محنت کی دھجیاں اڑا دیتے ہیں اس لئے وہ ایسا ہو گیا ہے یہ سوچتے ہوئے کہ وہ اسکے اچھے کے لیے کر رہے ہیں تمہیں پتہ ہے ماہوی سائیکالوجی کے مطابق اگر کسی بچے کے ساتھ ایسا ہو تو وہ خود سے نفرت کرنے لگتا ہے کہ وہ ان تقاضوں کو پورا نہیں کر پارہا جو اس سے رکھے گئے ہیں اور میں اس کے لیے بہت پریشان ہوں“ امین اپنی عمر سے بڑی پریشانی لے کر بیٹھا تھا ۔
“ تبھی وہ اتنا خاموش اور مشتعل سا رہتا ہے اسکی آنکھوں کی چمک اسکی شخصیت پر عجیب سا سایہ ہے امین تمہیں اپنے پیرنٹس سے بات کرنی چاہیئے ہی نیڈز ہیلپ “ ماہوی کے لہجے میں ایک تشویش سی تھی اسے آج صبح کا واقع یاد آیا کتنی عجیب بات تھی نصیب کی حالت باہر کے لوگ تو دیکھ اور سمجھ رہے تھے لیکن اس کے اپنے ہی اس سے بے خبر تھے۔
“ میں ان سے بات کرنے کی کوشش کروں گا “ وہ بےبسی سے بولا تو ماہوی کو لگا اسکا دل کسی نے مٹھی میں بند کر دیا ہو ۔
——————————-
اگلے ہفتے اے لیولز کے ایگزامز تھے تو نصیب نے تمام سرگرمیاں ترک کر کے صرف پڑھائی پر توجہ دی سارا دن کتابوں میں سر کھپاتا شام کو اکیڈمی چلا جاتا سر کھجانے کا وقت تک نہ تھا حمیرا دعائیں کرتی رہتی کہ اللّٰہ کرے اسکا رزلٹ اچھا آجائے کہ آگے اچھی سی یونیورسٹی میں داخلہ ہو ۔
کل سے سکول سے پریپ لیو ملنی تھی اس لیے ایک حساب سے یہ انکا سکول میں آخری دن تھا وہ حماد کے ساتھ کینٹین کی طرف جاتی راہ داری سے گزر رہا تھا جب ماہوی نادیہ سے باتیں کرتی کینٹین سے نکل رہی تھی بالوں کی اونچی پونی باندھے سفید یونیفارم جس پر نیلی دھاریاں تھیں پہنے کلائی میں سفید پٹی والی گھڑی بندھے و بہت پیاری لگ رہی تھی ایک لمحے کو تو نصیب اسے دیکھ کر ٹھٹک گیا لیکن جلد ہی خود پر قابو پاتے نظریں پھیر لیں۔
”ہیلو نصیب “ دونوں نے یک زبان ہو کر نصیب کو مخاطب کیا ۔
“ کیوں نصیب اپنے سرخاب کے پر تو مجھے کبھی نہیں دکھائے ان دونوں کو ہی پتہ نہیں کیوں نظر آتے ہیں “ حسب توقع حماد کو غصہ چڑھ گیا۔
“ شرم کرو اپنے ہی دوست سے جلتے ہو “ نادیہ نے اپنے چھوٹے چھوٹے بال کان کے پیچھے اڑسے۔
”یہ سرخاب کے پر صرف قابل لوگوں کو ہی نظر آتے ہیں ”ماہوی نے لقمہ دیا۔
وہ کینٹین میں داخل ہوا تو تمام سٹودنٹس اس سے آٹوگراف لینے لگے اور اسے ستائش سے دیکھنے لگے وہ اس اسکول کا میگا پلیئر تھا اب وہ نیشنل لیول پر کھیلنے جا رہا تھا اس لیے ہر کوئی اسکا ابھی سے فین تھا پہلے سب اس سے ڈرتے تھے لیکن ان اسکی عزت کرتے تھے۔
”ہمیں بھی آٹوگراف چاہیئے “ ماہوی اور نادیہ بھی اپنی ڈائریاں اسکے سامنے کھولے کھڑی تھیں۔
”تم لوگوں کے لیے سپیشل آٹوگراف ہوگا“ نصیب ڈائری پکڑتے ہوئے بولا۔
”لڑکیاں اور انکے عجیب شوق “ حماد نے ڈائری کی طرف دیکھ کر جھنجھلا کر کہا۔
“ نصیب میں کب سے تمہیں ڈھونڈ رہی ہوں “ عریشمہ پیچھے سے آواز دیتے ہوئے آئی نصیب نے سوالیہ نظروں سے اسے دیکھا ۔
”یہ میرا چھوٹا بھائی ہے اور یہ تمہارا بہت بڑا فین ہے پلیز اسے آٹوگراف دے دو “ وہ اپنے ساتھ ایک گُھنگرالے بالوں والے ۷ سالہ بچے کو کھینچتی لائی ۔
”اوئے ہوئے “ سب کی پر جوش آوازیں بلند ہوئیں ۔
”آؤ حسان “ عریشمہ نے کھینچ کر اسے نصیب کے سامنے کھڑا کیا۔
”ہیلو چیمپ “ نصیب نے اسکے بال چھیڑے وہ تھوڑا شرمایا۔
”اچھا لاؤ کہاں سائن کرنا ہے “ نصیب مسکراتے ہوئے اسکے سامنے پنجوں کے بل بیٹھا اس بچے نے اپنی پیٹھ اسکی طرف کی اور اپنی اُنگلیوں سے اپنی پشت کی طرف اشارہ کیا نصیب نے بڑا بڑا کر کے اپنا سائن اسکی شرٹ پر کیا وہ خوشی سے اچھلنے لگا تو ۔
“ شو آف کرنا تو کوئی نصیب عمرانی سے سیکھے “ وقار وہاں سے گزرتا جیبوں میں ہاتھ ڈالے منہ میں چیونگ گم چباتا تبصرہ کر گیا ۔
”کیونکہ اگر مجھ میں شو آف کرنے کے لیے کچھ نہ ہوتا تو میں بھی ہر چلتے قافلے پر بھونکتا“ نصیب نے بڑے پرسکون لہجے میں جواب دیا وقار تاؤ کھا کر رہ گیا نصیب اسے ہمیشہ لاجواب کر دیتا تھا۔
”pity “ ماہوی نے تیکھی نگاہوں سے اسکی طرف دیکھ کر کہا۔
“ تم دیکھنا اب میں اس کے ساتھ کرتا کیا ہوں just wait and watch “ بہت ہی سرد اور زہریلے لہجے میں کہتا ہوا وہاں سے جانے لگا۔
“ تمہاری کوششیں ہم سب دیکھ چکے ہیں “ ماہوی کا لہجہ ہنوز سرد اور مزاق اڑانے والا تھا جب کہ نصیب سپاٹ چہرے کے ساتھ کھڑا انہیں دیکھ رہا تھا وقار کندھے اچکا کر گنگناتا ہوا وہاں سے نکل گیا۔
”یہ کیوں کالے ناگ کی طرح نصیب کے پیچھے پڑ گیا ہے ؟“ نادیہ حیران ہو کر پوچھنے لگی۔
”کہنے دو اسے وہ بھی بہت اچھی طرح جانتا ہے اپنی زبان سے تو وہ مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا “ نصیب جانتا تھا وقار اس سے خود کبھی دو دو ہاتھ کرنے نہیں آئے گا لیکن وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ وقار اپنے اس طرح کے مقاصد کسی بھی طرح سے پورے کرسکتا ہے۔
ایگزام شروع ہوئے نصیب امتحانوں میں اتنا مصروف تھا کے کسی چیز کا ہوش نہیں تھا اسے یقین تھا اس بار ہر سب میں اسکے اے پلس ضرور آئیں گے تمام پیپرز اچھے سے گزرے آج اسکا آخری پیپر تھا پیپرز کی نگرانی کے لئے سکول سے باہر نگران آئے تھے جس ایگزام ہال میں نصیب پیپر دے رہا تھا اسکا سی سی ٹی وی کیمرا گزرے دن خراب ہو چکا تھا مدد گار نگران گزرے دن کسی اور کی جگہ ڈیوٹی دینے آیا تھا سب کی بار بار چیکنگ کر رہا تھا نصیب کی باری آئی نصیب کھڑا ہوا وہ بندہ چیکینگ کر کے آگے بڑھ گیا سب طالبات اپنا پرچہ حل کرنے لگے تھوڑی دیر بعد نگران ہال میں داخل ہوا تو مدد گار نگران اسکی پاس گیا۔
”سر وہ چوتھے نمبر پر جو لمبا سا لڑکا بیٹھا ہے ناں اس کے پاس کچھ ضرور ہے بڑا بے چین لگ رہا ہے “ مددگار نگران کی بات سن کر وہ چونک سا گیا ۔
”لیکن یہ کیمبریج کا امتحان ہے یہاں کون رسک لے سکتا ہے “ نگران کو جیسے یقین نہ آیا وہ میز پر پھر سے پیپر سمٹنے لگا۔
”سر آپ ایک دفعہ چیک کر لیں “ مددگار نگران نے زور دے کر کہا نگراں نے ٹھنڈی سانس بھری۔
”اچھا ٹھیک ہے “ وہ سیدھا نصیب کی کرسی کے پاس آکر روکا ۔
”بیٹا کھڑے ہو جاؤ “ نصیب جو پیپر کرنے میں مصروف تھا سب چیزیں چھوڑ کر اٹھا نگران نے اسکی تلاشی لی جیب میں جب ہاتھ ڈالا تو دو چٹ نکل آئے نگراں تو نگران نصیب کو اس سے زیادہ حیرت ہوئی وہ حیرت سے گنگ ہو گیا دونوں نگراں اسکے سر پر کھڑے پوچھ رہے تھے کہ یہ کیا ہے وہ گونگوں کی طرح انکو دیکھتا سر نفی میں ہلاتا جا رہا تھا اسکے اوسان خطا ہو گئے ۔
”نن نہیں سر یہ یہ مجھے نہیں پتہ “ مارے وحشت کے الفاظ منہ سے نہیں نکل رہے تھے۔
”تمہارا پیپر کینسل کیا جاتا ہے you are resticated ”نگران نے اسکے پیپر کو سرخ پین سے کاٹا اور سائن کرکے چیٹنگ ساتھ اٹیچ کر دی وہ دہائیاں دیتا جا رہا تھا لیکن کسی نے اسکی نہ سنی۔
”پلیز سر وہ میرا نہیں تھا “ اسکی آنکھوں سے آنسو متواتر بہہ رہے تھے اسکے سکول کال کر کے بتایا گیا اسکے والد کو بلایا گیا اسکی ایک ہی رٹ تھی اس نے کچھ نہیں کیا ۔
“ پلیز آپ لوگ سی سی ٹی وی دیکھ لیں میں نے کچھ نہیں کیا “ لیکن کسی نے اسکی نہ سنی اسے ہال سے باہر نکالا گیا کتنی ہی دیر وہ پتھر کے بت کی طرح لابی میں کھڑا رہا پھر قدم خود بہ خود اٹھنے لگے کہاں وہ خود نہیں جانتا تھا وہ چلتا گیا چلتا رہا چلتے چلتے رُکا تو پیر ساحل سے ٹکرا رہے تھے ۔
(جاری ہے )
