قسط نمبر 1
رازدارِ تاریکی
رات کی تاریکی میں صرف جھنگوروں کی آواز آ رہی تھی وہیں اسکے قدم سوکھے پتوں پر پڑتے تو پتوں کے چرچرانے کی آواز آتی باغ کے آخری کنارے پر ایک کنواں بنا تھا چلتے چلتے وہ وہاں جا کر رکا کنویں کی دیواریں اُسکی کمر سے تھوڑی نیچے آتی تھی وہ دیوار پر چڑھا کنویں کا پانی بہت نیچے چمک رہا تھا اور اس میں آدھا چاند جھلملا رہا تھا اک آنسو اسکی آنکھ سے ٹوٹ کر پانی میں گرا اس نے آنکھیں بند کر لیں زندگی کے بہت سے مناظر اسکی آنکھوں کے سامنے کسی فلم کی طرح چلنے لگے اسے بھی زندگی عزیز تھی لیکن اب اس دنیا میں اسکا وجود رہنے کے قابل نہیں تھا۔
یہ بہت ہمت طلب کام تھا کنواں بہت گہرا تھا اس نے گہری سانس بھری اس ظالم دنیا سے آخری بار الوداع کہا اور ایک پیر ٓاگے بڑھایا۔
رات کا جانے کون سا پہر تھا نیند آنکھوں سے کوسوں دور تھی شاید جگہ نئی تھی اور نیند نہ آنے کی وجہ سے وہ اوور تھنکنگ کر رہی تھی صبح نئے اسکول میں اسکا پہلا دن تھا عجیب الجھن محسوس ہو رہی تھی نئے لوگ نیا اسکول پتہ نہیں یہاں کے لوگ اس سے کیسا برتاؤ کریں اسے اپنی سکھر کی کلاس فیلو کی بات یاد آئی جو اس نے اس کے کراچی شفٹ ہونے کا سن کر کہا تھا۔
”تمہیں پتہ ہے کراچی کے بچے نئے آنے والوں کو بہت تنگ کرتے ہیں“ عبیرہ نے ناک چڑھا کر کہا۔
”ہاں اور تمہیں پتہ ہے وہاں بلڈنگز قبرستانوں پر بنے ہیں اور تم تو فلیٹ میں رہنے جا رہی ہو ناں ؟“ عائشہ نے افسوس سے سر ہلاتے ہوئے کہا تو اسکی ساری ایکسائٹمنٹ ہی ہوا ہو گئی۔
کروٹ بدل بدل کر اسکا جسم دکھنے لگا تو اس نے بستر پر بیٹھ کر کمرے کا جائزہ لیا تو کپڑوں کے ڈھیر اور کاٹن کے ڈبے نیم اندھیرے میں عجیب ہئیت کے ہیولے سے لگ رہے تھے ایک عجیب سا خوف اسکے دل میں سمٹ آیا اور عائشہ کی کہی بات یاد آئی تو اس نے کمبل میں بیٹھے بیٹھے منہ چھپایا کہ اچانک کھلی کھڑکی سے ایک آواز آئی جیسے کوئی رو رہا ہو ہلکی ہلکی سسکیوں کی آواز ماہوی کے پیروں تلے زمین ہی کھسک گئی ایک جست میں چھلانگ لگا کر چیختی ہوئی اپنی امی اور بابا کے کمرے میں آگئی ۔
اور پیچھے وہ سسکیاں اسی طرح برقرار رہیں ۔
————————————
صبح سکول کے لیے آنکھ دیر سے کھلی ساری رات ایک تو نیند نہیں آئی بے خوابی کی وجہ سے وہ پہلے دن ہی سکول دیر سے پُہنچی کلاس کا پتہ ایک دو لوگوں سے پوچھتی وہ بھاگتی ہوئی کلاس تک آ پہنچی کلاس تو شروع ہو چکی تھی لیکن خیر پہلے دن کی وجہ سے میڈم امبر نے اسے اندر آنے کی اِجازت دے دی ۔
آخری سیٹ پر آ کر بیٹھ گئی ایک دو گردنوں نے مڑ کر نووارد کو دیکھا سفید قمیض شلوار میں پونی ٹیل بنائے آگے سے بینگز کالی آنکھیں لمبی پلکیں بہت ہی پرکشش نین نقش اس کلاس میں اسکے بابا کے کزن کا بیٹا آریان بھی تھا کلاس ختم ہوتے ہی اس نے سب سے اسکا تعارف کروایا ۔
”ایکسکیوز می کلاس ان سے ملیں ماہوی عاطف میری کزن “ آریان نے اسکے ڈیسک کے سامنے کھڑے ہو کر بازو ہلاتے ہوئے ہانک لگائی ۔
”یہ تمہاری کزن ہے مجھے لگا تمہاری مالکن ہے“ پیچھے سے نادیہ کلاس میں داخل ہوئی اسکے ہاتھوں میں تمام کلاس کی پریکٹیکل نوٹ بکس تھیں اور ان کے پیچھے سے بمشکل اسکا چہرہ ہی نظر آرہا تھا تھوڑے ڈبتے قد کی باب کٹ بالوں والی گوری رنگت گول چہرہ ماہوی کو وہ بڑی کیوٹ لگی قہقہے بلند ہوئے تو آریان کو غصہ آیا ۔
”میں یہی سوچ رہا تھا آج کے کلاس میں اتنا سکون کیسے ہے یہ نہ کہو کہ نادیہ آج نہیں تھی اور تمہارے آتے ہی سکون غارت “ نادیہ نے پھلندہ ٹیبل پر رکھا اور آریان کی طرف ناک چڑھا کر دیکھا اور ماہوی کی طرف ہاتھ بڑھایا جسے ماہوی نے تھام لیا اور اگلے دو تین دن تک ان دونوں کی اچھی خاصی دوستی ہوگئ تھی۔
——————————-
یہ ایک انٹرنیشل سکول اور کالج تھا پورے پاکستان کے کالج اور یونیورسٹیوں میں اس سکول کے طلبہ کو ہاتھوں ہاتھ سیٹیں ملتی تھیں عوام اپنی آدھی یا پھر پوری جمع پونجی بھی لُٹا کر اپنے بچوں کو ایسے انسٹیٹیوٹ میں داخلہ دلواتے ہیں کہ اُنکا مستقبل سنور سکے او لیول اور اے لیول اور انٹر کے اسٹوڈنٹس تک اس کالج میں پڑھ کر جاتے جو بچے ذہین ہوتے انہیں ہر طرح کی توجہ ملتی تھی اورجو تھوڑے پڑھائی میں کمزور ہوتے انہیں نالائق کا ٹیگ لگا کر ایک سائڈ پر کیا جاتا ماہوی ایک اوسط درجے کی طالبہ تھی بہت زیادہ لائق فائق نہیں تھی بس تھوڑے بہت اچھے گریڈز لے آتی تھی اور اسکے والدین بھی خوش تھے کہ اب اسکا داخلہ اچھی خاصی فیس دے کر ایک اچھے ادارے میں کروایا تھوڑے بہت اچھے گریڈز لے آتی تھی وہ بھی خوش ماں باپ بھی خوش ۔
بریک ٹائم مس امبر نے بند کر دی تھی اس لیے اب آخری پانچ منٹ میں ماہوی اور نادیہ بھاگتی ہوئی کینٹین کیطرف جا رہیں تھیں جب ہیڈ بوائے نے انہیں روکا ۔
”ہے گرلز ! تم لوگوں کو نہیں پتہ بریک آف ہو چکی ہے؟“ وہ گھنگرالے بالوں والا لڑکا اپنے ہیڈ بوائے والا سیش لگائے کاریڈور کے آخر میں کھڑا انہیں گھور رہا تھا۔
”سوری پلیز میم امبر نے ہماری بریک بند کی تھی ہمیں کینٹین جانے دیں بہت بھوک لگی ہے“ نادیہ نے بڑی معصوم سی شکل بنا کر اسے کہا اور ماہوی نے تائید میں زور زور سے سر ہلایا۔
”اگر ایک دن برگر نہیں کھاؤ گی تو کوئی قیامت نہیں آئے گی “ اس نے ایک آبرو اٹھا کر غصے بھری نظر سے انہیں دیکھا۔
”اور اگر تم ہمیں کینٹین جانے دو گے تو بھی کوئی قیامت نہیں آئے گی “ نادیہ بھی کمر پر ہاتھ رکھے اسے دوبدو بولی تو لڑکا بھنویں بھینچے انہیں دیکھنے لگا ماہوی نے نادیہ کا بازو پکڑا کہ چپ کر جائے لیکن نادیہ تو پھر نادیہ تھی۔
”بہت زبان چل رہی ہے تمہاری“ اس نے چبا چبا کر کہا۔
”ہیلو مسٹر آپ اپنی پوزیشن کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں“ اب کے ماہوی جی کڑا کر کے بولی وہ انگلی اٹھا کر کچھ بولنے ہی لگا تھا ۔
”حماد “ کسی نے اسے کوریڈور کے آخر سے ہانک لگائی تو وہ اسی طرف متوجہ ہوا اسکی ٹیم اسی طرف بڑھ رہی تھی اے لیولز کے سٹوڈنٹس اس ادارے کے موسٹ سینئرز اور حماد کے کلاس فیلو آگے پیچھے چل کر آرہے تھے کچھ لڑکے فٹبال جرسی پہنے ہوئے تھے اور کچھ یونیفارم میں ملبوس تھے۔
”میرا میچ نہ ہوتا تو تمہیں پرنسپل آفس لے جاتا، اب راستہ چھوڑو دیکھ نہیں رہیں سینیئرز کے گزرنے کا راستہ ہے ایٹیکیٹس نام کو نہیں“ ماہوی تو پیچھے دیوار کے ساتھ لگ کے کھڑی ہوئی لیکن نادیہ ابھی بھی حماد کو گھورے جا رہی تھی ماہوی نے سوچا کہ نیا داخلہ ہوتے ہی پرنسپل سے شکایت یہ تو اسکے امیج کے لیے بہت برا ہوگا اس لیے اس نے نادیہ کو بھی کھینچ کر پیچھے کیا آٹھ یا دس لڑکے تھے جو انکے سامنے سے گزرے ماہوی اور نادیہ اپنے ادارے کی فٹبال ٹیم کو ستائش سے دیکھنے لگیں وہ سب باتیں کرتے اور مسکراتے ہوئے آگے پیچھے جا رہے تھے لیکن آخر میں وہ گزرا جو شاید ہر کسی کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا لمبا قد ،بال ماتھے پر گرے خوبصورت کالی ٓانکھیں اٹھی ہوئی مغرور ناک اپنی ایک انگلی پر بال کو گھماتا انکے سامنے سے گزرا۔
”یہ نصیب ہے ،“ نادیہ نے ماہوی کے کان میں سرگوشی کی۔
”کس کا نصیب ؟“ ماہوی نے ناسمجھی سے پوچھا۔
”ارے یار اسکا نام نصیب ہے نصیب عمرانی ، یہ یہاں کا ایلفا ہے کسی کی جرأت نہیں اس سے بات بھی کرے کیونکہ یہ منہ کم اور ہاتھ زیادہ چلاتا ہے “ نادیہ اسکے کان میں گھسی بول رہی تھی۔
”ہم بھلا کیوں کرنے لگے اس سے بات“ ماہوی اسے کاریڈور کے آخری دروازے سے نکلتے دیکھ رہی تھی جب وہ شیشے کے دروازے کے باہر نکلا تو دھوپ سے اسکا وجود چمکنے لگا ۔
”ایلفا“ ماہوی زیر لب بڑبڑائی جبکہ نادیہ اسے تیزی سے کھینچ کر کینٹین کی طرف بڑھی۔
پچھلے دنوں سکول میں مضمون نویسی کا مقابلہ ہوا تھا جن کے نتیجے آج آنے تھے ماہوی بلیٹن بورڈ میں لگے لسٹ میں اپنا نام ڈھونڈ رہی تھی جب نام ملا سو میں سے ستّر نمبر اسکی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی تب ہی ساتھ آکر نصیب کھڑا ہوا اپنا نام ڈھونڈا ماہوی بھی اسی کا نام دیکھ رہی تھی سو میں سے ۹۵ نمبر۔
”اوہ زبردست آپ نے تو تیسری پوزیشن لی ہے بہت مبارک “ ماہوی تو بہت متاثر ہوئی وہ جو مصروف سا بورڈ پر چسپاں لسٹ دیکھ رہا تھا اسکی طرف ایک نظر دیکھا ۔
”ہمم “ کہہ کر آگے بڑھ گیا ماہوی تو اسے حیرت سے دیکھنے لگی۔
”کیا ہوا فیل ہو گئی کیا ؟“ نادیہ اسے ہونک بنے کھڑے دیکھنے لگی۔
”کتنا پراؤڈ ہے یہ “ ماہوی نے منہ بنا کر کہا ۔
”پراؤڈ نہیں ہے وہ بس مکوں سے بات کرتا ہے تم نے تو نہیں کھانے ناں؟“ حماد بھی بورڈ کے سامنے کھڑا اپنے نمبر دیکھنے لگا اور طنزیہ کہنے لگا تو ماہوی نے نہ میں سر ہلایا۔
“ کیا واقعی ؟تو کیا وہ کسی سے بات نہیں کرتا ؟“ ماہوی نے حماد سے پوچھا۔
”ضروری بات کرتا ہے میرا دوست ہے مجھ سے کر لیتا ہے اب تم دونوں سے تو نہیں کرے گا ناں ہر وقت کلاس بنک کر کے گھومتی رہتی ہو “ حماد نے ہاتھ جیبوں میں ڈال کر انہیں گھورا پھر آگے بڑھ گیا ۔
”ہونہہ! دل کرتا ہے سر توڑ دوں اس ہلاکو خان کا “ نادیہ کو حماد پر دل بھر کر غصہ آیا اور وہ دونوں بڑبڑاتی اپنی کلاس روم کی طرف بڑھیں۔
——————————-
ماہوی اپنے گھر کی بلڈنگ میں داخل ہوئی تو نصیب کو لفٹ کے سامنے کھڑے دیکھ کر اسے حیرت کا جھٹکا لگا لیکن اپنی حیرت پر قابو پاتے ہوئے وہ بھی آکر لفٹ کے سامنے کھڑی ہو گئی نصیب کے ہاتھ میں ایک روبک کیوب تھا جس کے تمام رنگ وہ ساتھ ملانے کی کوشش کر رہا تھا ماہوی کی نظریں اسکے روبک کیوب پر جمی تھیں۔
”تم یہاں کسی سے ملنے آئے ہو “ ماہوی نے لفٹ کا بٹن دباتے ہوئے پوچھا۔
”میں یہیں رہتا ہوں “ اس نے تیکھی نظروں سے دیکھ کر بس مختصر جواب دیا ۔
”میں نے تمہیں کیوں نہیں دیکھا ہمیں یہاں شفٹ ہوئے ایک ہفتہ ہو چکا ہے ”وہ حیران ہوتے ہوئے بولی۔
”میں کہیں گیا تھا ”لفٹ کے دروازے کھلے تو وہ دونوں اندر داخل ہوئے اور دونوں کا مطلوبہ فلور تیسرا تھا ۔
”اور تم میرے پڑوسی ہو یہ بھی اب پتہ چل رہا ہے “ وہ سر ہلاتے ہوئے بولی جب کہ جواب میں کچھ بولنے کی جگہ اس نے بس ہنکارا بھرا اور اب نیلے رنگوں کے ڈبے ملانے لگا۔
”تم کسی سی ملتے جُلتے نہیں ہو ناں“ لفٹ اوپر جا رہی تھی ساتھ اُسکے سوالوں کا گراف بھی ۔
”اور یہ کس نے کہا ؟“ وہ بولا تو چہرہ بالکل بے تاثر تھا اور مسلسل کیوب کے اوپر والے خانے دائیں اور نیچے والے بائیں ہلارہا تھا۔
”تم ہمیشہ ایسے ہی سنجیدہ رہتے ہو “ لفٹ کے دروازے کھلے وہ دونوں باہر نکلے نصیب نے تمام رنگ اپنےاپنے خانے میں جوڑ دیے تھے ماہوی ستائش سے دیکھنے لگی نصیب نے ایک ٹھنڈی سانس بھری لفٹ کے بالکل سامنے ہی اسکا گھر تھا اس نے چابی سے دروازہ کھولا ۔
”ہاں شاید “ کہہ کر اندر چلا گیا ماہوی مسکراتے اپنے گھر کی طرف بڑھی۔
———————————-
اگلے ہفتے سکول میں سپورٹس ویک تھا اس لیے تیاریاں عروج پر تھیں فٹ بال ، باسکٹ بال ، بیڈمنٹن ،اور بھی بہت ساری نوعیت کے کھیل تھے ۔
”گرلز ! فٹ بال فیلڈ میں چلو آج ہماری ٹیم کا پریپ ڈے ہے آج میں اگلی ٹیم کو ۱۰ گول دے کر اُنکے چھکے چھڑا دونگا ”آریان نے اپنے کالر جھاڑتے ہوئے بڑے فخر سے کہا۔
”منہ دھو رکھو اپنا سب کو پتہ ہے اگلے ٹیم کا سٹرائیکر نصیب عمرانی ہے اور اسکے ہوتے بال کو تم چھو بھی نہیں سکتے “ عریشمہ جو انکی کلاس سی آر تھی اپنا بیگ اُٹھاتے ہوئے بولی۔
”پھر تو ہم ضرور دیکھنے جائینگے “ نادیہ جوش سے بولی ۔
”ہاں چلو چلو “ ماہوی جوش سے کہتی اسکی پیچھے لپکی جبکہ آریان کا تو منہ ہی کڑوا ہو گیا۔
جب وہ لوگ فیلڈ میں پہنچے تو آدھا سکول وہاں امڈ آیا تھا دو ٹیموں کے مابین پریکٹس تھی ایک ٹیم پینتھر اور ایک ٹیم ایگل اور نصیب ٹیم پینتھر کا سٹرائیکرنصیب جبکہ حماد گول کیپر اور ساتھ ٹیم کیپٹن بھی تھا پورے فیلڈ کے ارد گرد کرسیاں بھر چکی تھی اس لئے نادیہ اور ماہوی راستہ بناتے ہوئے جالیوں تک پہنچیں جو فیلڈ کو مجمع سے الگ کرتی تھیں پینتھرز نے کالا فٹ بال کٹ پہن رکھا تھا جبکہ ایگلز نے نیلا نصیب فیلڈ کے بیچوں بیچ کھڑا تھا اونچا قد اور بھی اونچا لگ رہا تھا پشت پر N UMRANI11لکھا ہوا تھا کوچ اسکے ساتھ کھڑا کچھ کہہ رہا تھا اور وہ سمجھتے ہوئے بس سر ہلا رہا تھا ریفری نے سیٹی بجائی سب نے اپنی پوزیشن سنبھالی گیم شروع ہوا پہلے ہاف میں پینتھرز نے دو گول کئے جبکہ ایگلز کی ہر کوشش کے سامنے نصیب سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہا تھا ایگلز کا کیپٹن وقار غصے سے کھول رہا تھا پورے فیلڈ میں نصیب کے نام کے نعرے گونج رہے تھے ماہوی اور نادیہ بھی اپنے گلے پھاڑ کر نصیب کے نام کے نعرے لگا رہی تھیں دوسرا ہاف شروع ہوا تو پینتھرز نے پھر دو گول کئے اور اگلی ٹیم نصیب کو کسی طرح بھی گول کرنے سے روک نہیں پائے ہر طرح کا ڈیفنس موڈ اختیار کیا لیکن وہ ڈاج کر کے گول مار دیتا۔
گیم ختم ہوا وقار نے آکر نصیب کا گریبان پکڑا اور اایک گھونسا اسکے منہ پر دے مارا سارےفٹبال فیلڈ کو سانپ سونگھ گیا نصیب وقار کے سامنے دہرا ہو کر کھڑا تھا ہر کوئی انگشت بدندان ہو کر انہیں دیکھ رہا تھا ماہوی اور نادیہ منہ پر ہاتھ رکھے کھڑی انہیں دیکھ رہی تھیں وقار نے یہاں کے ایلفا پر ہاتھ اٹھایا تھا وقار ایک بڑے گھرانے سے تعلق رکھتا تھا لیکن ٓاگے کوئی بھی ہوسب جانتے تھے کہ نصیب عمرانی کو ٹارگٹ کرنا آسان نہیں ،نصیب ٓاہستہ سے سیدھا ہوا اور اپنا جبڑا پکڑ کر ایک طنزیہ مسکراہٹ اسکے لبوں پر بکھری اور ایک دم ہی اپنا سر اتنی زور سے وقار کے منہ پر دے مارا کہ وہ چار فٹ دور جا کر گرا اور درد سے بلبلانے لگا اور سارے سٹیڈیم میں ایک شور سا برپا ہوا کوچ ،اساتذہ اور انتظامیہ کے آنے سے پہلے ہی وقار زمین پر ڈھیر تھا اور باقی کے سٹوڈنٹس نے نصیب کو کندھوں پر اٹھا لیا تھا ۔
”دیکھ لونگا تمہیں “ منہ ہی منہ بڑ بڑاتا درد سے بلبلاتا ہوا بولا۔
جبکہ نصیب کی ٹیم نے اسے کندھوں پر اٹھا لیا نصیب عمرانی نے آج اپنا ایک اور سنگ میل پار کیا تھا کیونکہ جانتا تھا اسکے بعد وہ نیشنل لیول پر کھیل سکے گا جو اسکے بچپن کا خواب تھا۔
———————————-
ماہوی نے ٹیبل ٹینس کا انتخاب کیا کہ وہ کئی بار پہلے بھی کھیل چکی تھی وہ اور نادیہ پریکٹس کر رہے تھے اور پی اِی ٹیچر کھڑے انہیں ہدایت دے رہے تھے جب نصیب اور حماد وہاں آئے۔
“ سر آپکو پرنسپل سر نے بلایا ہے “ نصیب نے ان سے کہا اور ان دونوں کا گیم دیکھنے لگا۔
”اچھا تم ان لوگو کو ذرا سوپر وائیز کرو میں آتا ہوں “ سر کہہ کر چلے گئے ۔
”ان کو تو ریکٹ تک پکڑنا نہیں آتا “ حمادنے قہقہہ لگاکر نادیہ کی طرف اشارہ کیا نادیہ کا تو دماغ بھک سے اڑا دل تو کیا کہ ہاتھ میں پکڑا ریکٹ اسکے سر پر دے مارے۔
”کیوں ہلاکو خان تم نے کون سے گولڈ میڈل لے رکھے ہیں ؟“ وہ چبا چبا کر بولی حماد کا قہقہہ بے ساختہ تھا نصیب بھی مسکرایا ۔
”اس نے لوگوں کو روسٹ کرنے میں گولڈ میڈل لے رکھا ہے“ جواب نصیب نے دیا۔
کھیل شروع کرتے ہی پہلے ہی شوٹ میں فاؤل کر دیا نصیب نے انہیں ہدایات دیتے ہوئے سمجھایا کہ ریکٹ کیسے پکڑنا ہے اور گرپ مضبوط رکھ کے شاٹ کیسے مارنا ہے وہ دونوں خوشی خوشی اسکی ہدایت پر عمل کر رہے تھیں اور حماد بیچ بیچ میں کوئی کمنٹ پاس کر کے نادیہ کو چڑا دیتا اور آگے سے وہ کوئی جلی کٹی سنا دیتی تو وہ ڈھیٹوں کی طرح دانت نکالتا ہر کوئی مڑ مڑ کر انکی طرف دیکھتا کیونکہ نصیب عمرانی اتنی نرمی سے سکھا رہا ہے ورنہ نصیب کی ایک بات اور دوسری لات ہوتی تھی ۔
وہ لوگ کھیل میں مصروف تھے جب کچھ لڑکے ہال میں داخل ہوئے اور وہ بھی ٹیبل ٹینس کھیلنے لگے ان میں سے ایک وقار بھی تھا اس نے سیدھا آکر ٹینس بال اٹھائی اور زور سے نصیب کی طرف دے ماری نصیب اسی وقت پین اٹھانے جھکا اور بال سیدھے ماہوی کو لگی بال ہلکی ہونے کی وجہ سے چوٹ تو نہیں لگی مگر اسے بہت غصہ آیا ۔
اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتی نادیہ بول پڑی۔
”اے بدتمیز کھیلنا نہیں آتا تو گھر بیٹھ جاؤ “ غصے سے کمر پر ہاتھ رکھ کر بولی۔
”منہ سنبھالو ورنہ توڑ دونگا جانتی نہیں کون ہوں؟ “ وقار چبا چبا کر سرد لہجے میں بولا ۔
”کون ہو تم؟“ اب کی بار نصیب نے پوچھا۔
”تم بیچ میں مت بولو“ وقار کو نصیب کو دیکھ کر ہی غصہ چڑھ رہا تھا حسد بھی بری بلا ہے جب کسی سے ہوجائے تو وہ چاہے کوئی نیکی کا کام بھی کر رہا تو اس انسان پر غصہ چڑھنے لگ جاتا ہے۔
”میں بس پوچھ رہا ہوں کون ہو تم ؟“ نصیب ابھی تک دھیمے لہجے میں پوچھ رہا تھا ۔
”جس گاڑی میں میں آتا ہوں اسکے نمبر پلیٹ پر کیا لکھا ہے دیکھا ہے کبھی؟ ایم این اے “ وقار نے کندھے اچکا کر ایم این اے پر زور دے کر کہا۔
“ لیکن تم کیا ہو؟ میں یہ پوچھ رہا ہوں کیا تم ایک اچھے باسکٹ بال پلیئر ہو ؟“ نصیب نے اسکی طرف جھک کر پوچھا انداز سراسر مذاق اڑانے والا تھا ماتھے پر بال گرے اسکی کالی ہنٹر آنکھیں وقار کو للکار رہی تھیں اور یہی تو نصیب کا خاصہ تھیں۔
”ایک راؤنڈ میں تمہاری چھٹی کر دونگا “ وقار کہتے ہوئے بال کی طرف بڑھااسکی ناک پر پٹی لگی تھی نصیب کے دیے زخم بہت تھے۔
”اور اگر نہ کر سکے تو تم اس لڑکی سے معافی مانگو گے “ اور یہ بات نصیب نے ماہوی کی طرف اشارہ کر کے کہا۔
”یقین کرو اسکی نوبت نہیں آئے گی ، آیا بڑا لڑکیوں کے سامنے ہیرو بننے “ کہتے ہوئے بال باسکٹ کے ہوپ میں ڈالنے لگا تھا نصیب نے ایک جست لگا کر اس سے بال جھپٹ لیا اور ایک چکر کاٹ کر زمین پر بال دو ٹپّے مار کر باسکٹ میں ڈال دیا اور ہال میں ایک شور سا ابھرا سیٹیاں تالیاں اور نصیب کے نام کے نعرے اور ماہوی وہ تو دم سادھے کھڑی دیکھنے لگے۔
نصیب کے ۲۲ پوائنٹس اور وقار کے ۱۶ ماہوی اور نادیہ اچھل اچھل کر اسکی جیت کی خوشی منا رہی تھی لیکن وقار نے شرط کے مطابق معافی نہیں مانگی اور ہال سے نکلنے لگا تھا۔
”پتہ ہے اب تمہیں اپنی گاڑی کا نمبر پلیٹ بدل کر کیا لکھنا چاہیئے؟“ نصیب نے باسکٹ بال ہاتھ میں پکڑے پکارا تو وقار کھا جانے والی نظروں سے کھڑا اسے دیکھنے لگا۔
”لوزر“ اور وہیں سے بغیر دیکھے بال ہوپ کی طرف ٹاس کیا تو وہ سیدھا اسکے اندر گرا وقار تنفر سے سر جھٹک کر باہر چلا گیا جبکہ وہاں کھڑے تمام طلبہ اسے سراہنے لگے اور اس اسکول کے طلبہ اسے ہمیشہ ہی رشک کی نظر سے دیکھتے تھے چاہے نصابی سرگرمیاں ہوں یا غیر نصابی سرگرمیاں وہ ہر جگہ سب سے آگے ہوتا ۔
حماد نے نصیب گردن کے گرد بازو ڈالا اور ”ویل ڈن چیمپ “ کہا نادیہ اور ماہوی دوڑتی ہوئی آئی۔
”ارے ماہوی شکریہ تو ادا کرو “ کہتے ساتھ ہی نادیہ نے ماہوی کے کندھے پر زور سے کندھا مارا ۔
”تھینک یو سو مچ“ماہوی نے مسکرا کر کہا۔
”اسکی ضرورت نہیں مجھے وقار کے ساتھ حساب برابر کرنا تھا بس“ کہہ کر اس نے کندھے اچکائے وہی مغرور لاپرواہ انداز ، حماد نے ہنکارا بھرا نصیب نے اسکے کندھے کو پکڑ کر اتنی زور سے دبایا کہ اسکی چیخ نکل گئی۔
“ بالکل تمہاری جگہ کوئی بھی ہوتی یہ یہی کرتا ہے ناں نصیب “ حماد نے اپنا کندھا سہلاتے ہوئے کہا جبکہ نصیب اس پر ایک تنبیہی نظر ڈال کر انکو دوبارہ سے سوپر وائز کرنے لگا۔
———————————
بارش بڑے زور و شور سے برس رہی تھی وین والا ماہوی کو کالونی کے گیٹ کے باہر اتار چکا تھا وہ بھاگتی ہوئی گیٹ کے اندر داخل ہوئی اور اپنے بلاک کی طرف جانے لگی اسکا آخری بلاک تھا اس لیے پہلے بلڈنگ کے ایک ٹیریس کے نیچے کھڑی ہوئی بارش ہلکی ہونے کا انتظار کرنے لگی ۔
”یہ پکڑو “ پتہ نہیں نصیب کہاں سے آیاچیونگم چباتا ہلکے گیلے بال ہو رہے تھے اور سامنے دیکھتے لاپرواہی سے بولا اور ایک چھتری اسکی طرف بڑھائی شاید وہ اسکے پیچھے تھا۔
”لیکن تم خود بھیگ جاؤ گے “ ماہوی نے منع کرنا چاہا اور آسمان کی طرف دیکھا بارش اچھی خاصی زوروں سے برس رہی تھی۔
”میں بارش میں فٹبال کھیلنے کی پریکٹس کرتا ہوں مجھے اسکی کوئی خاص ضرورت نہیں““ چھتری اسکے ہاتھ تھما کر وہ خود بھاگتا ہوا اپنے بلاک کی طرف چلا گیا ماہوی گھر آگئی سحر نے اسکے ہاتھ میں چھتری دیکھی تو پوچھا۔
”یہ کہاں سے لائی؟“ اس نے ٹیبل پر پلیٹ لگاتے چھتری کی طرف اشارہ کر کے پوچھا۔
“ امی پڑوس والا لڑکا میرے سکول میں پڑھتا ہے اسنے دیا“ ماہوی نے جوتے اتار کر چھتری شو ریک کے پاس رکھ دی ۔
”اچھا پھر واپس کرنے جانا اور ساتھ میں بِریانی بنائی ہے لے کر جانا پڑوسیوں سے تھوڑی اب جان پہچان بھی تو بنانی ہے “ وہ کہہ کر کچن کی طرف بڑھ گئی۔
”اوکے امی میں چینج کر کے آتی ہوں پھر لے جاؤنگی “ وہ عجلت میں اپنے کمرے کی طرف بھاگی اور فریش ہو کر نکلی لان کا پرنٹڈ ۲پیس ہاف وائٹ سوٹ پہنا جس میں ہلکے بادامی اور بھورے رنگ کا پرنٹ تھا بادامی رنگ کا سٹول گردن میں لپیٹ کر بالوں کو ہلکا سا برش مار کی طرف بڑھی اور امی کے سر پر وہ جلدی مچائی اور ایک بڑی ڈش میں بریانی بھر کر اور چھتری اٹھا کر ماہوی نےنصیب کے گھر کی بیل بجائی دروازہ کھلا تو وہ نصیب کی طرح دکھنے والا لڑکا جو عمر میں ماہوی جتنا لگتا تھا ۔
”جی “ معصوم سی آواز میں پوچھا گیا ۔
”میں ساتھ والے گھر سے آئی ہوں یہ میری امی نے بھجوایا ہے“ اس نے ڈش آگے بڑھائی جسے اس لڑکے نے تھام لیا اور چھتری کی طرف دیکھنے لگا ظاہر ہے اپنے گھر کی چیز انسان دور سے ہی پہچان لیتا ہے۔
”اوہ! یہ نصیب کی چھتری ہے اس نے مجھے دی تھی ”ماہوی نے یاد آنے پر چھتری اسکی طرف بڑھائی۔
”اچھا تو یہ بھائی نے آپ کو دی تھی “ اس لڑکے نے سمجھتے ہوئے سر ہلایا اور مسکرایا ۔
“ امین بیٹا کون ہے؟ ”پیچھے سے امین کی ماں نے پکارا۔
”امی پڑوس سے ہیں بریانی لائی ہیں“ امین نے جواب دیا تو حمیرا بھی پیچھے دوپٹہ برابر کرتے ہوئے آئیں اور ماہوی کو دیکھ کر مسکرائیں ۔
”ارے بیٹا باہر کیوں کھڑی ہو اندر آؤ ناں“ حمیرا نے بڑے پیار سے اندر بلایا وہ اندر چلی آئی بہت ہی نفاست سے سجایا گیا خوصورت اپارٹمنٹ اسے بہت پسند آیا امین نے بریانی کی ڈش میز پر رکھی اور چھتری لے کر نصیب کے کمرے میں آیا جہاں نصیب اسٹڈی ٹیبل پر بیٹھا کتابوں پر جھکا ہوا تھا۔
”تم نے تو کہا تھا کہ تمہاری چھتری گم گئی “ امین نے مسکراہٹ دبائے اس سے پوچھا۔
”ہمم “ نصیب کی توجہ ابھی بھی کتابوں کی طرف تھی ۔
“ تو یہ کیا ہے ؟“ نصیب نے کوفت سے سر اٹھایا چھتری دیکھ کر اسے حیرت کا جھٹکا سا لگا اوراسے حیرت کا جھٹکاسا لگا اور وہ اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا۔
”یہ تمہارے پاس“؟ نصیب نے چھتری کی طرف اشارہ کیا۔
“ وہ بریانی بھی لائی ہے “ امین نے کمر پر ہاتھ رکھے ابرو سے اشارہ کیا نصیب نے ہنکارا بھرا اور اسکے ہاتھ سے لے کر میز کی دوسری طرف ٹوکری میں رکھا ۔
“ اور امی کے ساتھ بیٹھ کر گپیں بھی لگا رہی ہے “ امین معنی خیزی سے مسکرا رہا تھا۔
“ اچھا اب مجھے پڑھنے دو “ خشک انداز میں کہہ کر وہ کتابوں پر جھک گیا جب کہ امین کے چہرے کی چمک ماند پڑی اور وہ کمرے سے نکل گیا۔
لیکن اب نصیب کے چہرے پر ایک بے چینی سی پھیلی اس نے ہلکے سے کمرے کا دروازہ کھولا امی اور ماہوی لاؤنج میں بیٹھے تھے۔
“ بیٹا امین ماشاءاللہ بہت ذہین ہے تب ہی تو اپنی عمر کے بچوں سے آگے ہے نصیب اے لیول کے پہلے سال میں ہے جب کہ امین اے لیول ابھی کلیئر کرنے ولا ہے اپنی ذہنی صلاحیت کی وجہ سے کیمبرج والوں نے اب خیر سے ۱۴ سال میں اے لیول کروایا“ حمیرا کی آنکھوں میں بیٹے کے لئے ستائش اور چمک تھی ۔
”جی یہ تو بہت امپریسیو ہے وہ ایکسٹرا آرڈینری ذہانت کا حامل ہے “ ماہوی نے دل سے تعریف کی۔
نصیب جو دروازے کی درز پر کھڑا سن رہا تھا اسکے دل کو کچھ ہوا ، ماہوی صوفے پر بیٹھی دیوار پر لگے شیلو کو دیکھ رہی تھی جیس میں چھٹے چھوٹے لکڑی کے بنے شوپیس رکھے تھے کچھ پرندے ، ایک گٹار اور بھی بہت کچھ امین وہین کھڑا تھا ماہوی کی نظروں کاتعاقب کیا۔
”یہ بھائی نے بنائے ہیں وہ ایک آرٹسٹ بھی ہے“ امین کے لہجے میں اپنے بھائی کے لیے ستائش تھی۔
”نصیب کا دماغ پڑھائی کے بغیر ہر الٹی سیدھی چیز میں کام کرتا ہے پتہ نہیں وہ اتنا لاپرواہ اور غیر سنجیدہ کیوں ہے ہر وقت کھیل مجھے تو اتنی پریشانی ہوتی ہے اسکا ہوگا کیا“ حمیرا نے ٹھنڈی سانس بھری ماہوی نے حیرت سے حمیرا کو دیکھاکہ یہ واقعی نصیب کی بات کر رہی ہیں ،وہ جسے سب پرفیکشنسٹ سمجھتے ہیں اس کی ماں اس سے مایوس تھی؟ اسکول میں ہر جگہ جس کا بول بالا تھا گھر میں تو کہیں نہیں تھا۔
”آنٹی جب میں نصیب کو سکول میں دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کتنے خوش قسمت پیرنٹس ہیں وہ جنکا بیٹا نصیب ہے وہ ایک پرفیکشنسٹ ہے اسکا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا امین بھی نہیں کاش میں اس جیسی ہو سکتی “ ماہوی نے کاندھے اچکا کر کہا جب کہ حمیرانے اسے مایوسی سے دیکھا جیسے سوچ رہی ہوں کہ یہ لڑکی خود بہت بڑی نالائق ہوگی جب کہ نصیب دروازے کے اس پار کھڑا ماہوی کی بات سن کر ششدر رہ گیا کہ کسی نے آج اسکی ماں کے سامنے اسکا دفاع کیا ہے خوشی کی لہر اسکے وجود میں ڈورنے لگی وہ مسکراتا ہوا آکر دوبارہ اپنی میز پر رکھی کتابوں پر جھک گیا وہ چاہے کتنا ہی خود کو مضبوط ثابت کرتا لیکن تھا تو وہ ایک ٹین ایج لڑکا ۔
نصیب، حماد اور انکے کچھ ساتھی اسکول سے نکل کر گھر کی طرف جا رہے تھے جب انہیں راستے میں چار لڑکوں نے آکر روکا وہ عمر میں ان سے سے اچھے خاصے بڑے تھے اور شکل سے ہی موالی لگ رہے تھے یہ لوگ بھی رک کر انہیں سوالیہ نظروں سے دیکھ رہے تھے نصیب کو لگا یہ راہزن ہونگے اور انکے فون وغیرہ چھیننے آئے ہوں گے۔
”تمہاری ہمت کیسے ہوئی وقار صاحب پر ہاتھ اٹھانے کی؟“ وہ اپنے زنگ آلود دانت جو پان کھانے کی وجہ نظر ہی نہیں آرہے تھے نصیب کے عین سامنے کھڑا ہو کر چبا چبا کر بولا قد میں نصیب سے چھوٹا ہونے کی وجہ سے اپنا سینہ اور بھی کھینچ کھانچ کر تانے کھڑا رہا نصیب نے ٹھوڑی کھجاتے ہوئے ذرا سوچنے کی ایکٹنگ کی پھر جیبوں میں ہاتھ ڈال کر اسکی آنکھوں میں جھانکا۔
”کیونکہ اسکے پالتو کتے بڑے بےکار ہیں اور انہیں کام کروانے کے لیے انکے مالک کا منہ توڑنا ضروری تھا“ اس نے جھک کر اس سے کہا اور اسکے ماتھے پر اپنی شہادت کی انگلی سے بڑی زور کی چٹکی بجائی اس آدمی کا اشتعال دیدنی تھا پھر وہ گھمسان کا رن پڑا کہ کس کا ہاتھ تھا کس کا پاؤں کچھ سجھائی نہ دیا تھوڑی دیر بعد ان مسٹنڈے مردوں کو ان لڑکوں نے دھول چٹا دی تھی نصییب انکے سرغنہ کے سینے پر بیٹھا اپنا مکا ہوا میں بلند کر رہا تھا جب اسنے ہاتھ باندھے ۔
”معاف کر دو صاحب جی غلطی ہوگئی“ وہ ہاتھ جوڑے کراہ رہا تھا۔
”آئندہ میرے علاقے میں نظر آئے تو کسی کو نطر نہیں آؤ گے “ نصیب نے بڑے سفاک لہجے میں اسکا گریبان اپنی ظرف کھینچ کر کہا اور پھر جھٹکے سے اسے زمین پر پٹخ دیا۔
”صاحب جی قسم کھاتا ہوں میں اب اپنے اعلاقے میں بھی نظر نہیں آؤں گا“ وہ اب باقاعدہ رونے لگا نصیب اسکے سر سے اٹھا تو وہ بھاگتے ہوئے لنگڑاتے ہوئے وہاں سے اپنے ساتھیوں سمیت بھاگ گیا ۔
”آیا تھا بڑا“حماد کچھ بول رہا تھا کہ اسکی زبان کو بریک لگی اسنے اپنے ہاتھ جھاڑتے نصیب کو دیکھا نصیب نے اسے سوالیہ نظروں سے دیکھا پھر اسکی نظروں کے تعاقب میں دیکھا تو اسکول پارکنگ کی دوسری طرف اے ٹی ایم کے سامنے ایک گاڑی کھڑی تھی اور اس میں بیٹھی ماہوی انہیں پھٹی نظروں سے سے دیکھ رہی تھی نصیب کو اپنی طرف متوجہ پاکر جلدی سے منہ دوسری طرف کر لیا اور یہ چیز نصیب نے بڑی شدت سے نوٹ کی کہ اب تو ماہوی یہی سوچے گی جسے وہ مسٹر پرفیکشنسٹ کہہ رہی تھی وہ ایک مار دھاڑ کرنے والا غنڈہ ہے۔
آج سپورٹس ویک کا فائنل دن تھا ماہوی ٹیبل ٹینس میں سلور میڈل لے چکی تھی جب کہ نادیہ برونز میڈل لے کر ہواؤں میں اڑھ رہی تھی وہ دونوں سب سے پہلے فٹ بال فیلڈ میں آئیں اور آگے والی کرسیوں میں آکر بیٹھیں ۔
”ہیلو کیا میں یہاں بیٹھ سکتا ہوں “ آواز پر ماہوی نے مڑ کر دیکھا امین کھڑا پوچھ رہا تھا ۔
”ہاں ہاں کیوں نہیں “ ماہوی نے خوش دلی سے جواب دیا اور ایک شاپر میں جو بھر کر کینٹین سے چیزیں لائی تھی اسے آفر کیا جسے اس نے قبول کیا نصیب کی نسبت امین کافی ہنس مکھ تھا آہستہ آہستہ فیلڈ بھرنے لگا پلیئرز نے اپنی پوزیشن سنبھالی نصیب جس نیٹ کے سامنے کھڑا تھا اسکے بالکل پیچھے جالیوں کے پار وہ لوگ بیٹھے تھے اور گلا پھاڑ کر نصیب اور پینتھرز کے نام کے نعرے لگ رہے تھے امین بھی ان کے ساتھ نعرے لگانے لگا ۔
نصیب نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو ماہوی اور نادیہ چیخنے لگیں اور ہاتھ ہلانے لگیں نصیب کو ہنسی آگئی وہ بھی ہاتھ ہلانے لگا ماہوی نے اپنا فون نکالا اور اسکی تصویر کھینچی ۔
”بھائی ”امین نے آواز دی نصیب نے امین کو دیکھا مسکراہٹ سمٹ گئی بس ہاتھ ہلا کر مڑ گیا۔
کھیل شروع ہوا پہلے ہاف میں پینتھرز نے ایک گول کیا کیوں کہ آج فائنل تھا اس لیے ایگلز بھی آج جم کر کھیل رہے تھے لیکن وقار کو گزرے میچ کی ہتک بہت اچھے سے یاد تھی لیکن اسکی بارہا کوششوں کے باوجود اسکے ہر سٹرائک کو نصیب روک دیتا پہلا ہاف تو گزر گیا دوسرا ہاف شُروع ہوا تو پہلے پانچ منٹ میں پنتھیرز نے ایک گول سکور کیا آگے کھیل رہا کھیل کے آخری پانچ منٹ میں وقار نے اپنے ساتھی پلیئر کو آنکھ سے اشارہ کیا اس نے سمجھتے ہوئے سر ہلایا اور دونوں فٹ بال نیٹ کی طرف بھاگنے لگےجہاں نصیب بال کو پیر سے مارتا آگے بڑھ رہا تھا دوسرے کھلاڑی نے گرنے کی اداکاری کرتے ہوئے گھاس پر رگڑ کھاتے ہوئے خود کو نصیب پر گرایا اور اسے بھی اپنے ساتھ ہی گرایا اس واضح بے ایمانی پر ریفری نے سیٹی بجائی سب کھلاڑی ان کے گرد جمع ہوئے حماد نے نصیب کو اٹھایا گرنے کی وجہ سے اس کے پیر میں ہلکی موچ آئی تھی۔
ایگلز کو ریڈ کارڈ ملا وقارکو غصہ تو بہت آیا لیکن نصیب کو چوٹ پہنچا کر اب وہ کافی مطمئن تھا ،پینتھرز واضح برتری سے جیتے اور نصیب مین آف دی میچ قرار پایا پینتھرز نے نصیب کو کندھوں پر اٹھایا نادیہ اور ماہوی بھاگتی ہوئی فیلڈ کے اندر آئیں اور ہلّا مچانے لگیں امین بھی ان کے ساتھ تھا ۔
”نصیب تم ٹھیک تو ہو ناں زیادہ چوٹ تو نہیں آئی ؟“ماہوی نے فکر مندی سے پوچھانصیب اسکا فکر مند چہرہ دیکھ کر ہلکا سا مسکرایا۔
”ایسی چھوٹی موٹی چوٹیں تو کھیل میں ضروری ہیں ورنہ کیسے لگے گا کہ میں ایک کھلاڑی ہوں“ اس نے اترا کر کہا حالانکہ اسکے پیر میں درد کی ٹیسیں اٹھ رہی تھیں لیکن وہ نصیب ہی کیا جو کسی کو اپنا درد بتائے۔
“ میں تو کہتا ہوں ان چُڑیلوں کی نظر لگی مجھے آج اتنے گول نہیں کر پایا “ حماد دل برداشتہ سا لگا نادیہ کو تو گویا پتنگے لگ گئے۔
”صبح آئینے میں اپنی شکل دیکھ لی ہوگی ہلاکو خان تب ہی یہ حال ہے“۔
“ ہاں وہ تو روز دیکھتا ہوں اور آئینہ خود کہتا ہے کہ اتنا حسین انسان میں نے نہیں دیکھا “ حماد نے اترا کر کہاں جب کہ نصیب اور ماہوی انکی نوک جھوک پر ہنسے جا رہے تھے امین خاموشی سے کھڑا اپنے بھائی کو ہنستے دیکھ رہا تھا اسے تو یاد بھی نہیں آخری بار وہ کب مسکرایا تھا اور ماہوی نے نوٹ کیا کہ امین خاموشی سے کھڑا نصیب کو دیکھ رہا ہے جب کہ نصیب نے اسے مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے ایسا کیوں تھا وہ نہیں جانتی تھی لیکن وہ جاننا چاہتی تھی ۔
———————————-
”تمہیں ہمارا کبھی احساس نہیں ہوا تم ہمیشہ ہمیں مایوس کرتے ہو ”حمیرا اسکے سامنے کرسی پر بیٹھتے مایوسی سے بولی ۔
”تمہاری بہت زیادہ خواہش اور ابا کی سفارش پہ تمہیں فٹ بال کی اجازت دے دی لیکن تم روز کہیں نا کہیں چوٹ لگوا کر آتے ہو تھوڑا بھی احساس ہے کہ اگلے مہینے ایگزام ہیں امین جتنا نہیں کر سکتے کم سے کم تھوڑا سا بہتر رزلٹ تو لا سکتے ہو کھیلوں میں خود کو بھی برباد کر رہے ہو اور ہمیں پریشان الگ کر رکھا ہے“حمیرا سر پکڑ کے بیٹھ گئیں جب کہ نصیب سر جھکائے سن رہا تھا وہ باتیں نہیں تھیں کوئی نیزہ تھا کوئی برچھی تھی جو نصیب کے دل کو چیر رہی تھیں اور امین دور بیٹھا ملال سے یہ سب دیکھ اور سن رہا تھا جس نصیب عُمرانی پر آج سارا سکول نازاں تھا اسی نصیب عُمرانی کی ماں اسکے وجود سے پشیماں نظر آتی تھیں ۔
”کیوں اپنا خون جلا رہی ہو حمیرا ہم سے جو بن سکتا تھا ہم نے کیا اب آگے اسکی مرضی ہے کہ امین کی طرح کچھ کر دکھاتا ہے یا بس کھیل تماشوں میں خود کو ضائع کرتا ہم نے خود پر خوشیاں حرام کر کے اسکو ہر سہولت دی اور کیا کریں کون سا یہاں ہماری جائیدادیں ہیں جو نہیں پڑھو گے تو فرق نہیں پڑے گا “ سرمد نے کہا تو دھیمے لہجے میں تھا لیکن نصیب کا سر مزید جھک گیا پیر کا درد اسے بالکل بھول گیا ندامت سے بیٹھا لب کچلنے لگا۔
”لیکن بابا نصیب کے گریڈز کلاس میں سب سے اچھے ہیں ہر کام میں سکول میں آگے آگے رہتا ہے“ امین نے اسکا دفاع کیا ۔
”دیکھو اب اسکو بھی اپنے پیچھے لگا رہا ہے“ حمیرا اور بھی زیادہ ملال میں گھِر گئیں نصیب خاموشی سے اٹھا اور اپنے کمرے میں چلا گیا حمیرا پریشانی سے اسکا دروازہ تکنے لگیں۔
————————————-
رات کے تین بجے پیاس کی شدت سے اسکی آنکھ کھلی اٹھ کر پاس پڑی بوتل سے گلاس میں پانی انڈیلنے لگی جب کھلی کھڑکی سے ہلکی ہلکی سسکیوں کی آواز آئی اسکی ریڑھ کی ہڈّی میں سنسناہٹ سی دوڑ گئی خوف کی ایک تیز لہر اسکے دل کو اپنے لپیٹ میں لینے لگی اسنے کراچی کے بلڈنگز کے بھوتوں کے بارے میں افواہیں سن رکھی تھیں وہ کمبل میں گھسنے لگی تھی کہ پھر جی کڑا کر کے آیت الکرسی پڑھنے لگی اللّٰہ سے کوئی بڑا نہیں ہے اور ہارر فلموں کی ہیروئینوں کی طرح بھاگنے کے بجائے اُس ہی طرف جانے لگی دل زور زور سے دھڑک رہا تھا اور نزدیک جاتے ہوئے رونے کی آواز زیادہ واضع ہوتی جا رہی تھی وہ ڈرتے ڈرتے کھڑکی تک پہنچی باہر دیکھنے لگی آواز اب بالکل صاف آرہی تھی کھڑکی سے تھوڑا سر باہر نکال کے دیکھا کچھ بھی نہیں تھا نیچے اُوپر کچھ نہ تھا لیکن آواز مسلسل آرہی تھی یکا یک اسکی نظر ساتھ والی بالکنی پر پڑی کوئی نیچے بیٹھا دیوار سے ٹیک لگائے کہنیاں گھٹنوں پہ رکھے چہرہ ہاتھوں میں چھپائے رو رہا تھا پاس والا اپارٹمنٹ تو نصیب والوں کا ہے یہ کون ہے؟۔
”نصیب “ وہ زیر لب بڑبڑائی۔۔۔۔
جاری ہے
